حکومت سنجیدگی اختیارکرے اورپاناما لیکس پر قوم کے سوالوں کا جواب دے، بشارت مرزا

غیر سنجیدہ رویے سے قوم کا اعتماد متزلزل ہورہاہے،اگر کوئی ملوث نہیں ہے تو اپوزیشن کے مطالبے پر موجودہ چیف جسٹس کی سربراہی میں کمیشن بنانے میں کوئی حرج نہیں

پیر 11 اپریل 2016 23:47

کراچی (اُردوپوائنٹ تازہ ترین اخبار۔11 اپریل 2016ء) حکومت سنجیدگی اختیارکرے اورپاناما لیکس پر قوم کے سوالوں کا جواب دے، غیر سنجیدہ رویئے سے قوم کا اعتماد متزلزل ہورہاہے،اگر کوئی ملوث نہیں ہے تو اپوزیشن کے مطالبے پر موجودہ چیف جسٹس کی سربراہی میں کمیشن بنانے میں کوئی حرج نہیں ہے۔ یہ باتیں پاکستان ڈیموکریٹک پارٹی کے مرکزی صدر بشارت مرزانے پارٹی عہدیداران کے وفد سے ملاقات میں بات چیت کرتے ہوئے کہیں۔

انہوں نے کہاکہ پانامالیکس کی شفاف تحقیقات ہونی چاہیئیں تاکہ عوام کے ذہنوں میں پیداشدہ شکوک وشبہات کو دورکیاجاسکے۔اس سلسلے میں کمیشن بلاتاخیرجلد ازجلد بنناچاہیئے اور اس میں فرانزک کو شامل کیاجائے تاکہ پتہ چلے کہ اتنی رقم کہاں سے آئی؟۔بشارت مرزانے وفد سے گفتگوکرتے ہوئے کہاکہ اگر حکومت کو کوئی ڈرخوف نہیں ہے تو اپوزیشن کی مرضی سے کمشین بنانے میں کو ئی حرج نہیں ہوناچاہیئے ،بصورت دیگر حکومت عوام کا اعتماد کھوبیٹھے گی اور حکومتی پالیسیوں پر پہلے ہی عوام کا اعتماد نہیں ہے،اگر اس قسم کے معاملات میں حیل وحجت ،تاخیری حربوں اور غیر سنجیدگی کا مظاہرہ کیاگیاتو رہاسہااعتماد بحال کرنابھی ناممکن ہوجائے گا۔

(جاری ہے)

وفد کے اراکین نے کہاکہ عوام اپنے حکمرانوں کو سچااور کھرادیکھناچاہتے ہیں جس طرح آئس لینڈ کے وزیراعظم نے پانامالیکس میں نام آنے کے بعد اپنااستعفیٰ پیش کیاہے وہ لائق تقلیدہے لیکن پاکستان کے حکمران سے تو عوام اس کی قطعاً توقع نہیں رکھتے تھے ، جبکہ دوسری جانب وزیراعظم نے اپنے مکمل اثاثے ظاہرنہیں کئے اور غلط بیانی کے مرتکب ہوئے ،اس کے علاوہ اگر ان کے پاس اتناسرمایہ موجودہے تو اتنی بڑی تعدادمیں بھاری قرضے لے کر ملک اور قوم کو مقروض کیوں بنارہے ہیں اور یہ ساراعمل اس بات کا ثبوت ہے کہ حکمران قوم سے قطعاً مخلص نہیں ہیں ان کا سارازورمال بنانے پر ہے۔

عوام مشکلات میں ہیں ، مہنگائی ،بیروزگاری ،بھوک اور افلاس کی وجہ سے لوگوں کا جینامحال ہے اور حکمرانوں کے اثاثے دنیاکے مالدارترین افراد کی اولین فہرست میں شامل ہورہے ہیں۔انہوں نے کہاکہ ایسے حکمرانوں سے قوم کو بھلائی کی کیا امید ہوگی جو عوام کے پیٹ بھرنے کے بجائے جائز وناجائزسرمائے سے اپنی تجوریوں کے پیٹ بھررہے ہیں۔بشارت مرزانے کہاکہ حقائق سامنے آنے تک کچھ نہیں کہاجاسکتا،ہوسکتاہے یہ کسی بین الاقوامی سازش کا حصہ ہو۔

متعلقہ عنوان :