ملک کا وزیر اعظم اپنے آپ کو ٹیکس سے بچانے کے لئے خفیہ اکاوٴنٹس کھولے گا تو عوام کس طرح ٹیکس دیں گے،ایم پی اے عائشہ سید

پیر 11 اپریل 2016 23:27

پشاور(اُردوپوائنٹ تازہ ترین اخبار۔11 اپریل 2016ء)جماعت اسلامی کی ممبر قومی اسمبلی عائشہ سید نے کہا ہے کہ ملک کا وزیر اعظم اپنے آپ کو ٹیکس سے بچانے کے لئے خفیہ اکاوٴنٹس کھولے گا تو عوام کس طرح ٹیکس دیں گے اور وہ کس طرح ملک میں سرمایہ کاری کرسکیں گے، اگر ملک کے عوام کی حالت بہتر بنانی ہے تو پہلے وزیر اعظم اور اس کے وزراء ٹیکس ادا کریں اور اپنے خفیہ اکاوٴنٹس عوام کے سامنے لائیں۔

ملاکنڈ ڈویژن میں کسٹم ایکٹ کا نفاذ یہاں کے عوام کے ساتھ ظلم اور زیادتی ہے۔ ملاکنڈ ڈویژن گزشتہ ڈیڑھ عشرے سے قدرتی آفات اور دہشت گردی سے متاثر ہے۔ یہاں کے عوام گزشتہ حادثات سے نہیں سنبھلے کہ حکومت نے ظالمانہ ٹیکس عائد کردیا۔ کسٹم ایکٹ کے خلاف ہر سطح پر احتجاج کریں گے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے اپنے ایک بیان میں کیا۔

(جاری ہے)

عائشہ سید نے کہا کہ ملاکنڈ ڈویژن اور فاٹا کے عوام پاکستان کے بقاء کی جنگ لڑ رہے ہیں ۔

ہونا تو یہ چاہئے تھا کہ حکومت ملاکنڈ اور فاٹا کے عوام پر گزرنے والے حالات اور متاثرین کے نقصانات کا ازالہ کرتی ، انہوں نے یہاں کے عوام پر ٹیکس عائد کردیا۔ انھوں نے کہا کہ ملاکنڈ اور فاٹا کے عوام پر صوبے یا مرکز میں سے جس حکومت نے بھی کسٹم ایکٹ نافذ کیا ہے وہ اپنے فیصلے پر نظر ثانی کرے اور فوری طور پر ٹیکس کے نفاذ کا فیصلہ واپس لینے کا اعلان کرے۔ انھوں نے کہا کہ ہم اس فیصلے کی شدید مذمت کرتے ہیں اور عوام پر یہ ظلم ہرگز نہ ہونے دیں گے۔