شریف برادران کا نظریہ ” ملک کو دیوالیہ “ کرنا ہے ، اب بددیانت حکمران بندوں نہیں اللہ کی پکڑ میں ہیں‘ میاں محمود الرشید

عوام حکمرانوں کو ملک سے بھاگنے نہیں دینگے ، ملکی دولت واپس لا کر رہیں گے‘ اپوزیشن لیڈر پنجاب اسمبلی کی میڈیا سے گفتگو

پیر 11 اپریل 2016 22:13

لاہور ( اُردوپوائنٹ تازہ ترین اخبار۔11 اپریل 2016ء) پنجاب اسمبلی میں قائد حزب اختلاف میاں محمودالرشید نے کہا ہے کہ شریف برادران کا نظریہ ” ملک کو دیوالیہ “ کرنا ہے ، بہت ہو گیا، اب بددیانت حکمران بندوں نہیں اللہ کی پکڑ میں ہیں، عوام حکمرانوں کو ملک سے بھاگنے نہیں دینگے ، ملکی دولت واپس لا کر رہیں گے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز اسلام آباد میں اجلاس کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔

میاں محمودالرشید نے کہا کہ حکمرانوں کا جاناٹھہر گیا ہے، ملک میں بیروزگاری عام ہے جبکہ بجلی بحران بھی تاحال برقرار ہے ،مہنگائی میں روز بروز اضافہ ہو رہا ہے ،نا اہل لیگ نے عوام کا جینا محال کر رکھا ہے، پانامہ لیکس کے حوالے سے آف شور کمپنیاں پکڑے جانے پر آئس لینڈ اور یوکرین کے وزیراعظم نے اخلاقی جرات کا مظاہرے کرتے ہوئے استعفیٰ دیدیا وزیراعظم نوازشریف کو بھی اخلاقی جرات کا مظاہرہ کرتے ہوئے مستعفی ہوجانا چاہیے اور اپنے اوپر لگنے والے تمام سنگین الزامات کا دفاع کرنا چاہیے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ اسحاق ڈار بھی ماضی میں منی لانڈرنگ کا اعتراف کر چکے ہیں یہاں ایک دو نہیں بلکہ آوے کا آوا ہی بگڑا ہوا ہے ، عوام نے حکومت کے بہت ظلم برداشت کر لئے اب ان کا پارہ چڑھ چکا ہے ، سیاسی وسماجی شخصیات اور سول سوسائٹی کے ارکان نے عمران خان کے تمام مطالبات کی پرزور حمایت کرتے ہوئے رائیونڈ مارچ میں بھر پورشرکت کا یقین دلایا ہے ۔