گینز ورلڈ ریکارڈز نے سپورٹس بورڈ پنجاب کے نوجوان محمد راشد کا ورلڈ ریکارڈ آفیشل ویب سائٹ پر جاری کردیا

سپورٹس بورڈ پنجاب نے محمد راشد کو گینز ورلڈ ریکارڈز اٹالین شو میں شرکت کیلئے بھیجا تھا، ایک منٹ میں سر سے 61بوتلوں کے ڈھکن کھول کرعالمی ریکارڈ بنایا

پیر 11 اپریل 2016 20:35

گینز ورلڈ ریکارڈز نے سپورٹس بورڈ پنجاب کے نوجوان محمد راشد کا ورلڈ ..

لاہور ( اُردوپوائنٹ تازہ ترین اخبار۔11 اپریل 2016ء) سپورٹس بورڈ پنجاب کی جانب سے گینز ورلڈ ریکارڈز اٹالین شومیں شرکت کرنیوالے پاکستانی نوجوان محمد راشد کے ریکارڈ کو گینز ورلڈ ریکارڈز کی آفیشل ویب سائٹ پر جاری کردیا گیا۔

(جاری ہے)

گینز ورلڈ ریکارڈز نے ایک منٹ میں سر سے 61بوتلوں کے ڈھکن کھولنے کے ریکارڈ کو حیرت انگیز اور ناقابل یقین قراردیتے ہوئے کہا ہے کہ یہ متاثر کن ہے، انتظامیہ کی جانب سے جاری کئے گئے بیان میں کہا گیا ہے کہ محمد راشد نے پنجاب یوتھ فیسٹیول2014ء میں سر سے ایک منٹ میں40 بوتلوں کے ڈھکن کھول کر گینز ورلڈ ریکارڈ بنایا تھا ، محمد راشد نے اٹلی کے شہر میلان میں ہونیوالے گینزورلڈ ریکارڈز اٹالین شو میں ایک منٹ میں سر سے 61بوتلوں کے ڈھکن کھول کر اپنا ہی ریکارڈ توڑ ڈالا، بیان میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ محمد راشد ایک منٹ میں 128اخروٹ توڑ نے کا ریکارڈ بھی بنا چکے ہیں،واضح رہے کہ سپورٹس بورڈ پنجاب نے محمد راشد کو گینز ورلڈ ریکارڈز اٹالین شو میں شرکت کیلئے میلان بھیجا تھا جہاں محمد راشد نے اپنا ہی ریکارڈ توڑ ڈالا، گزشتہ روز گینز ورلڈ ریکارڈز کی انتظامیہ نے محمد راشد کے ورلڈ ریکارڈ کو اپنی آفیشل ویب سائٹ پر جاری کردیا،محمد راشد پہلے پاکستانی ہیں جنہوں نے گینز ورلڈ ریکارڈز اٹالین شو میں شرکت کی اور پاکستان کیلئے ورلڈ ریکارڈ بنایا، میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے محمد راشد نے کہا ہے کہ میرا ریکارڈ پاکستان کیلئے فخر ہے، ریکارڈز بنانے کیلئے سپورٹس بورڈ پنجاب نے بھرپور تعاون کیا، مجھے ہر طرح کی سہولت فراہم کی گئی ،جس پر میں پنجاب حکومت اور ڈی جی سپورٹس پنجاب عثمان انور کا مشکور ہوں، محمد راشد نے کہا کہ میں نے پنجاب یوتھ فیسٹیول میں متعدد گینز ورلڈ ریکارڈز بنائے جس کا سہرا ڈی جی سپورٹس پنجاب عثمان انور کے سر ہے، ان کی رہنمائی اور تعاون سے ہی میں ریکارڈ بنا سکا اور آج دنیا میں پاکستان کا نام روشن ہوا ہے جس کی مجھے بے انتہا خوشی ہے، ملک کے لئے مزید عالمی ریکارڈز بناؤں گا۔

متعلقہ عنوان :