حکومت پنجاب کا وفد گوسگیب ماڈل کو صوبہ پنجاب میں نافذ کرنے کیلئے جلد ترکی کا دورہ کرے گا‘ عرفان اقبال شیخ

ٹیوٹا ترک ادارے کوسگیب ماڈل کی طرزکا پائلٹ پراجیکٹ شروع کرنے کیلئے پنجاب سمال انڈسٹریز کارپوریشن (پیسک) کا تعاون حاصل کر ے گی جو ترک کمپنی سے فنی معاونت حاصل کرنے میں مددگارثابت ہوگا‘ چیئرپرسن ٹیوٹا

پیر 11 اپریل 2016 20:23

لاہور ( اُردوپوائنٹ تازہ ترین اخبار۔11 اپریل 2016ء) حکومت پنجاب کا وفد گوسگیب ماڈل کو صوبہ پنجاب میں نافذ کرنے کیلئے جلد ترکی کا دورہ کرے گا،ٹیکنیکل ایجوکیشن اینڈ ووکیشنل ٹریننگ اتھارٹی (ٹیوٹا) ترک ادارے کوسگیب ماڈل کی طرزکا پائلٹ پراجیکٹ شروع کرنے کیلئے پنجاب سمال انڈسٹریز کارپوریشن (پیسک) کا تعاون حاصل کر ے گی جو ترک کمپنی سے فنی معاونت حاصل کرنے میں مددگارثابت ہوگا،اس تعاون سے انٹرپرینیور مینجمنٹ کے جدید کورسز صوبہ بھر میں شروع کئے جائیں گے۔

ان خیالات کا اظہار چیئر پرسن ٹیوٹا عرفان قیصر شیخ نے گزشتہ روز ٹیوٹا سیکرٹریٹ میں اجلاس سے خطاب کر تے ہوئے کیا ۔اس موقع پر سیکرٹری انڈسٹریز نبیل جاوید، سابق ایبمبیسڈر ترکی ہارون شوکت ، چیف آپرٹینگ آفیسر ٹیوٹاجواد احمد قریشی ، منیجنگ ڈائریکٹر بلال بٹ پیسک اور دیگر موجود تھے۔

(جاری ہے)

عرفان قیصر شیخ نے اجلاس کے شرکاء کو بتایا کہ پنجاب گروتھ سکل اسٹریٹیجی 2018کے تحت صوبہ بھر میں20لاکھ نوجوانوں کو ہنر مند بنانے کیلئے ٹیوٹا سمیت دیگر متعلقہ اداروں کو اجتماعی ہدف دیا گیا ہے اور ٹیوٹا5لاکھ 41ہزار کاہدف پورا کر لے گی۔

نوجوانوں کو انڈسٹری کی ضروریات کو مد نظر رکھتے ہوئے نوجوانوں کو ہنر مند بنانا بھی سکل اسٹریٹیجی کا حصہ ہے۔کوسگیب کی فنی معاونت حاصل کرنا بھی اسی سلسلے کی ایک کڑی ہے۔چیئر پرسن ٹیوٹا نے کہا کہ ٹیوٹا انٹریرینیوریل تربیت کیلئے 15ٹرینرز کو بھی ترکی بھیج گی۔ منیجنگ ڈائریکٹر پسیک اس سلسلے میں ترک کمپنی کے ساتھ رابطہ کرکے پروگرام کو حتمی شکل دینگے۔

ٹیوٹا نے نوجوانوں کو اپنا کاروبار شروع کرنے کیلئے قرضے کی سہولت شروع کی ہے تاکہ ہنر مند نوجوانوں کو روزگاریا اپنا کاروبار شروع کرنے کیلئے مواقع فراہم کئے جاسکیں۔ملکی معاشی ترقی کیلئے ایس ایم ایز کا فروغ ضروری ہے اس کیلئے کوسگیب ماڈل اہم کردار ادا کرے گا تاکہ انٹرپرینئور شپ اور دیگر شعبوں سے متعلقہ نئے شارٹ کورسز شروع کر کے نوجوانوں کو معاشر ے کا اہم حصہ بنایا جا سکے۔

متعلقہ عنوان :