اگر ہم سب مٹھی بھر درندہ نما دہشت گردوں کے خلاف اکٹھے ہو جائیں تو یہ کسی صورت اپنے مقصد میں کامیاب نہیں ہو سکتے‘ امین وینس

ملک سے دہشت گردی کے ناسور کو جڑ سے اکھاڑنے کے لئے ہم سب کو ملکر اسکے پیچھے کار فرما مائنڈ سیٹ ختم کرنا ہوگا جو نا صرف اسلامی تعلیمات کے برعکس ہے بلکہ اخلاقی اقدار کے بھی سریحاًخلاف ہے‘ سی سی پی او لاہور کا یو ای ٹی میں خطاب

پیر 11 اپریل 2016 20:23

لاہور ( اُردوپوائنٹ تازہ ترین اخبار۔11 اپریل 2016ء) سی سی پی او لاہور کیپٹن (ر)محمد امین وینس نے کہا ہے کہ ملک سے دہشت گردی کے ناسور کو جڑ سے اکھاڑنے کے لئے ہم سب کو ملکر اس کے پیچھے کار فرما مائنڈ سیٹ ختم کرنا ہوگا جو نا صرف اسلامی تعلیمات کے برعکس ہے بلکہ اخلاقی اقدار کے بھی سریحاًخلاف ہے ،اگر ہم سب ان مٹھی بھر درندہ نما دہشت گردوں کے خلاف اکٹھے ہو جائیں تو یہ کسی صورت اپنے مقصد میں کامیاب نہیں ہو سکتے ۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی میں طلبا و طالبات کو سکیورٹی اور کمیونٹی پولیسنگ کے حوالے سے لیکچر دیتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر ریکٹر یونیورسٹی ڈاکٹر حسن صہیب مراد ، ڈائریکٹر جنرل یو ایم ٹی عابد شیروانی، ایس پی صدر فیصل مختار اور ایس پی ٹریفک ندا چٹھہ کے علاوہ یونیورسٹی کے سینکڑوں طلبا و طالبات بھی موجود تھے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ہم اس وقت حالت جنگ میں ہیں اور یہ جنگ عوام کے تعاون سے ہی جیتی جا سکتی ہے لہذا ہمیں باہمی اتحاد اور اتفاق کا مظاہرہ کرتے ہوئے دہشت گردی کا قلع قمع کرنا ہوگا جو تب ہی ممکن ہے جب ہم معاشرے کے ان ناسوروں کو پناہ دینے والے سہولت کاروں کو بے نقاب کریں اور انہیں اپنے درمیان کسی صورت نہ رہنے دیں کیونکہ کوئی تو ہے جن کے پاس آکر یہ دہشت گرد ٹھہرتے ہیں جو انہیں رہنمائی اور ان کے کھانے پینے کا بندوبست کرتاہے ۔

انہوں نے مزید کہا کہ ہمیں آج یہ عہد کرنا ہے کہ ہم ہمسائیوں کی خبر گیری کے بارے میں اپنے پیار ے نبی حضرت محمد ﷺکی جانب سے بتائی ہوئی باتوں اور ہمسائیوں کے بارے میں اسلام کے آفاقی اصولوں پر عمل کرتے ہوئے اپنے ہمسائیوں کی خبر گیری روزانہ کی بنیاد پر کریں گے۔سی سی پی او نے کہا کہ آج کے اکٹھ کا بنیادی مقصد اس عزم کا اعادہ کرنا ہے کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ ہم سب ملکر لڑیں گے ۔

انہوں نے مزید کہا کہ دہشت گرد اپنی بزدلانہ کاروائیوں سے پاکستان کے عوام کو نہ ڈرا سکتے ہیں اور نہ ہی ان کے حوصلے پست کر سکتے ہیں۔تقریب سے خطاب کرتے ہوے ڈائریکٹر جنرل یو ایم ٹی عابد شیروانی نے کہاکہ لاہور پولیس کی لیڈر شپ نے دہشت گردی کے خلاف جاری جنگ میں عوامی تعاون کے حصول کے لئے مختلف تعلیمی اداروں میں جاکر لیکچر دینے اور سکیورٹی کی اہمیت کے حوالے سے پروگرام یقینا قابل ستائش ہیں جس سے کمیونٹی پولیسنگ کا زبردست نظام متعارف کروایا گیاہے اور یہی وہ نظام ہے جو دہشت گردوں کے خاتمے میں بنیادی کردار ادا کرے گا۔

متعلقہ عنوان :