دلیری اور ایمانداری سے سرشار پولیس کو کبھی خفت اور ناکامی کا سامنا نہیں کرنا پڑتا،آئی جی خیبرپختونخوا

کرک پولیس کے اہلکاروں کو دہشت گردی، اغوائیگی، بھتہ خوری قتل ،اقدام قتل کے متعدد مقدمات میں مطلوب خطرناک اشتہاری کو گرفتار کرنے پر نقد انعامات ،توصیفی اسناد سے نوازا

پیر 11 اپریل 2016 20:22

پشاور(اُردوپوائنٹ تازہ ترین اخبار۔11 اپریل 2016ء) انسپکٹر جنرل آف پولیس خیبر پختونخوا ناصر خان دُرانی نے سنٹرل پولیس آفس پشاور میں منعقدہ ایک تقریب میں ضلع کرک پولیس کے اہلکاروں کو دہشت گردی، اغوائیگی، بھتہ خوری قتل اور اقدام قتل کے متعدد مقدمات میں مطلوب خطرناک اشتہاری کو گرفتار کرنے پر نقد انعامات اور توصیفی اسناد سے نوازا۔تفصیلات کے مطابق گذشتہ روز کرک پولیس نے مصدقہ اطلاع پر تحت نصرتی میں کمانڈوز ایکشن کے دوران دہشت گردی، بھتہ خوری، اغوا برائے تاوان اور دیگر سنگین وارداتوں میں مطلوب بدنام زمانہ اشتہاری عبدالرزاق ولد عزیز الرحمن کو راکٹ لانچر سمیت گرفتار کیا تھا۔

ملزم دن دیہاڑے بھرے بازار سے لوگوں کو اغواء کرکے تاوان طلب کرتا تھا۔ اور ان کی مجرمانہ سرگرمیوں نے علاقے کے عوام کی زندگی آجیرن کرکے رکھدی تھی۔

(جاری ہے)

ملزم کی سرگرمیاں پولیس کے لیے مسلسل درد سر اور گرفتاری ایک بہت بڑی چیلنج بن چکی تھی۔ ملزم پولیس اہلکاروں اور آفسروں پرمتعدد حملوں میں بھی ملوث تھا۔ ملزم سے ایک راکٹ لانچر، تین ہینڈ گرینیڈ، ایک کلاشنکوف، تین چار جر، سو سے زائد کارتوس، ایک عدد تیس بور پستول اور کارتوس برآمد کئے گئے تھے۔

ملزم کی گرفتاری پر علاقے کے عوام نے سکھ کا سانس لیتے ہوئے کرک پولیس کی حمایت میں جلوس نکال کر کاروائی میں حصہ لینے واے اہلکاروں کو ہار بھی پہنائے تھے۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے آئی جی پی ناصر خان دُرانی نے کہا کہ ضلع کرک میں بہترین پولیسنگ دیکھنے کو مل رہی ہے۔ جسکا کریڈٹ ضلعی پولیس آفیسر ، ان کی ٹیم اور علاقے کے عوام کو جاتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ دلیری اور ایمانداری سے سرشار پولیس کو کبھی خفت اور ناکامی کا سامنا نہیں کرنا پڑتا اور یہ بات خوش آئند ہے کہ کرک پولیس میں یہ دونوں خوبیاں بدرجہ اتم موجود ہیں اور انعام یافتہ گان پر زور دیا کہ وہ عوام کے نبض پر ہاتھ رکھکراچھی پولیسنگ کو آگے بڑھائیں۔

اور کرک کی سرزمین کو جرائم پیشہ افراد کے لیے تنگ کرکے ضلع کو کرائم فری بنانے میں کوئی کسر نہ چھوڑیں۔ آئی جی پی نے کمانڈو ایکشن میں حصہ لینے والے ضلعی پولیس افسر میاں نصیب جان، ہیڈ کانسٹیبل زاہداصغر، ایل ایچ سی فیض اللہ، ہیڈ کانسٹیبل ایلیٹ فورس طارق اور کانسٹیبل ابراہیم کونقدانعامات اور توصیفی اسناد سے نوازا۔

متعلقہ عنوان :