خیبر پختونخواحکومت کی بزنس کمیونٹی کے جان و مال کو تحفظ فراہم کرے ،ذوالفقارعلی

صنعتوں کو بجلی ،گیس کی بلا تعطل فراہمی یقینی بنائی جائے ،معاشی پالیسیوں کی تشکیل ،ٹیکس نظام میں اصلاحات سے قبل چیمبرز ،بزنس کمیونٹی کو اعتماد میں لیا جائے پشاور افغانستان ،وسطی ایشیائی ریاستوں کیلئے گولڈن گیٹ وے کی حیثیت رکھتا ہے، حکومت باہمی تجارت کے فروغ کی راہ میں حائل رکاوٹیں دور کرے،خیبرپختونخواچیمبر

پیر 11 اپریل 2016 20:22

پشاور(اُردوپوائنٹ تازہ ترین اخبار۔11 اپریل 2016ء) خیبر پختونخوا چیمبر آف کامرس اینڈانڈسٹری کے صدرذوالفقار علی خان نے خیبر پختونخوا میں صنعتی و تجارتی ترقی کو امن و امان کی صورتحال سے مشروط کیا ہے اور کہا ہے کہ حکومت خیبر پختونخوا کی بزنس کمیونٹی کے جان و مال کو تحفظ فراہم کرے اور صنعتوں کو بجلی اور گیس کی بلا تعطل فراہمی کو یقینی بنائے۔

معاشی پالیسیوں کی تشکیل اور ٹیکس نظام میں اصلاحات سے قبل چیمبرز اور بزنس کمیونٹی کو اعتماد میں لیا جائے ۔ پشاور افغانستان اور وسطی ایشیائی ریاستوں کے لئے گولڈن گیٹ وے کی حیثیت رکھتا ہے ۔ حکومت باہمی تجارت کے فروغ کی راہ میں حائل رکاوٹیں دور کرے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے نیشنل مینجمنٹ کالج کے ڈائریکٹنگ سٹاف ڈاکٹر سعد ایس خان کی سربراہی میں مینجمنٹ کورس کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔

(جاری ہے)

اس موقع پر خیبر پختونخوا چیمبر کے سینئر نائب صدر عماد رشید  نائب صدر شجاع محمد  ایگزیکٹو ممبران محمد اقبال  راشد اقبال اور ضیاء الحق سرحدی فیض محمد فیضی  صدر گل  عابد اللہ اور فیض رسول سمیت صنعت و تجارت سے تعلق رکھنے والے ممبران بھی موجود تھے ۔ خیبر پختونخوا چیمبر کے صدرذوالفقار علی خان نے نیشنل مینجمنٹ کالج کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے انہیں صوبے کی معیشت کی ترقی اور بزنس کمیونٹی کو سہولیات کی فراہمی کیلئے خیبر پختونخوا چیمبر کی جانب سے اٹھائے جانیوالے اقدامات سے آگاہ کیا ۔

انہوں نے بتایا کہ صوبہ خیبر پختونخوا میں ملکی اور غیر ملکی سرمایہ کاروں کے لئے سرمایہ کاری کے وسیع مواقع موجود ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بعض حکومتی پالیسیوں کی وجہ سے بزنس کمیونٹی کو مشکلات درپیش ہیں ۔ انہوں نے افغان ٹرانزٹ ٹریڈ کے نئے معاہدے میں حائل رکاوٹوں کو دور کرنے  پشاور میں جدید سہولیات سے آراستہ ڈرائی پورٹ کے قیام  صنعتوں اور کاروبار کو بجلی اور گیس کی بلا تعطل فراہمی اور امن و امان کی صورتحال بہتر بنانے سمیت گیس کے نئے کنکشنز پر عائد پابندی ختم کرنے اور کیپٹو پاور کے ذریعے بجلی پیدا کرنے کی اجازت دینے سمیت مختلف سفارشات پیش کیں۔

قبل ازیں نیشنل مینجمنٹ کالج کے شرکاء کو صوبے میں ہائیڈل پاور جنریشن  آئل ریفائنری  جیمز اینڈ جیولری  ماربل  کارپٹس  فرنیچر  مائنز اینڈ منرل  فریش فروٹ اور صوبے میں صنعت و تجارت کے شعبوں میں سرمایہ کاری کے مواقعوں سے متعلق ایک ڈاکو منٹری بھی دکھائی گئی اور انہیں خیبر پختونخوا کے پوٹینشل سے متعلق اہم معلومات فراہم کی گئیں۔ نیشنل مینجمنٹ کالج کے شرکاء نے صنعت و تجارت کے شعبے سے متعلقہ سوالات بھی اٹھائے جن کے خیبر پختونخوا چیمبر کے صدر ذوالفقار علی خان نے جوابات دیئے ۔