Live Updates

ڈی جی ایکسائز کے دفترپشاور میں محصولات کی وصولیو ں کے حوالے سے ماہانہ کارکردگی پر نظر ثانی سے متعلق اجلاس

محصولات کی وصولی آئندہ اجلاس میں کے حوالے سے اگلے مہینے کی تسلی دینے والے افسران کا تبادلہ کیا جائیگا

پیر 11 اپریل 2016 20:21

پشاور(اُردوپوائنٹ تازہ ترین اخبار۔11 اپریل 2016ء) خیبر پختونخوا کے وزیر برائے ایکسائز و ٹیکسیشن اور نارکاٹیکس کنٹرول میاں جمشید الدین کا کا خیل کی زیر صدارت پیر کے روزڈی جی ایکسائز کے دفترپشاور میں محصولات کی وصولیو ں کے حوالے سے ماہانہ کارکردگی پر نظر ثانی سے متعلق اجلاس منعقد ہوا جس میں ڈائریکٹر جنرل ایکسائز اینڈٹیکسیشن خیبر پختونخوا ناصر خان کے علاوہ صوبے کے تمام اضلاع سے تعلق رکھنے والے ایکسائز اینڈٹیکسیشن افسران نے شرکت کی۔

اجلاس میں صوبائی وزیر کو تمام اضلاع کی مرحلہ وار محصولات کی وصولیوں کے بارے میں اعداد و شمار سے آگاہ کیا گیا۔ اس موقع پر ڈی جی ایکسائز نے محکمہ کی کارکردگی کو مزید فعال بنانے کی غرض سے بعض ترقیاتی منصوبوں پر بھی بریفنگ دی اور محکمہ کی کارکردگی کو متاثر کرنے والے عوامل کی نشاندہی کی۔

(جاری ہے)

انہوں نے بتایا کہ پہلے مرحلے میں چار اضلاع میں روزانہ کی بنیاد پر محصولات کی وصولی سے متعلق تفصیلی رپورٹ حاصل کرنے کی غرض سے ایک ویب سائٹ کا اجراء کیا گیا ہے جس کے ذریعے ٹیکس دہندگان کو اپنے ادا شدہ ٹیکس کے بارے میں مکمل معلومات حاصل ہو سکیں گی اس کے علاوہ ہیومن ریسورس مینجمنٹ سسٹم پر کام کیا جا رہا ہے جس میں محکمہ کے تمام ملازمین کا مکمل ڈیٹا دستیاب ہوگا اور ریکارڈ غائب ہونے کا احتمال نہیں رہے گا مزید برآں ٹیکس کی وصولیوں سے متعلق عملے کی استعداد کار بڑھانے کے لئے مختلف شعبوں میں فری ورکشاپس کا انعقاد بھی کیاجا چکا ہے۔

اس موقع پر صوبائی وزیر میاں جمشید الدین کا کاخیل نے تمام ای ٹی اوز کو متنبہ کرتے ہوئے کہا کہ محصولات کے لئے دیئے گئے اہداف کے حصول پر کسی قسم کی مصلحت نہیں ہوگی انہوں نے سختی سے ہدایت کی کہ افسران اپنے ماتحت عملے پر کڑی نظر رکھیں جن کے خلاف شکایات موصول ہو رہی ہیں۔صوبائی وزیر نے اجلاس کے شرکاء پر واضح کیاکہ آئندہ اجلاس میں محصولات کے حوالے سے مزید تسلیاں دینے واے کو موقع پر تبدیل کیا جائے گا۔اجلاس میں خیبر پختونخوا ریونیو اتھارٹی نے بھی محصولات کی وصولیوں کی تفصیل پیش کی جس پر صوبائی وزیر نے اطمینان کا اظہار کیا۔
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات