محکمہ جنگلی حیات کے ڈپٹی ڈائریکٹر پبلسٹی محمد اظہر خالد ریٹائرہو گئے

الوداعی پارٹی کا اہتمام ،محمد اظہر خالد محکمے کا بہترین اثاثہ تھے ، خدمات یاد رکھیں گے

پیر 11 اپریل 2016 20:13

لاہور( اُردوپوائنٹ تازہ ترین اخبار۔11 اپریل 2016ء)محکمہ جنگلی حیات و پارکس کے ڈپٹی ڈائریکٹر پبلسٹی محمد اظہر خالد ریٹائرڈ ہو گئے۔محکمہ کے افسران نے آج ان کے اعزاز میں ایک الوداعی پارٹی کا اہتمام کیا ۔ جس میں ڈائریکٹر جنرل جنگلی حیات و پارکس پنجاب خالد عیاض خان کے علاوہ ہیڈ کوارٹر آفس اور فیلڈ فارمیشن کے افسران نے بڑی تعداد میں شرکت کی ۔

(جاری ہے)

اس موقع پر تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ڈائریکٹر جنرل جنگلی حیات و پارکس پنجاب خالد عیاض خان نے کہا کہ محمد اظہر خالد محکمے کا بہترین اثاثہ تھے اور انہوں نے اپنی 35 سالہ ملازمت کے دورانیہ میں بہترین پیشہ وارانہ خدمات سرانجام دیں ۔انہوں نے کہا کہ وہ مثبت اور تعمیری سوچ کے مالک اور محنتی افسر رہے اور انہوں نے اپنی پیشہ وارانہ فرائض کے ساتھ پورا پورا انصاف کیا ، ان کی خدمات کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا ۔بعد ازاں تقریب میں موجود تمام افسران نے فرداً فرداً محمد اظہر خالد کے بارے میں اپنے نیک خیالات کا اظہار کیا اور ان کی صحت اور تندرستی کے لئے دعا کی ۔