وزیر اعظم منصب چھوڑ کر ”عدت“ میں جائیں تو ”مدت“ پوری ہوسکتی ہے،حافظ حسین احمد

عمران خان رائے ونڈ سہ روزہ یا چلہ کے لیے نہیں بلکہ سال لگانے جارہے ہیں،رہنما جے یو آئی

پیر 11 اپریل 2016 19:04

جیکب آباد(اُردوپوائنٹ تازہ ترین اخبار۔11 اپریل 2016ء) جمعیت علمائے اسلام کے مرکزی سیکریٹری اطلاعات حافظ حسین احمد نے کہا ہے کہ وزیر اعظم منصب چھوڑ کر ”عدت“ میں جائیں تو ”مدت“ پوری ہوسکتی ہے ، عمران خان رائے ونڈ سہ روزہ یا چلہ کے لیے نہیں بلکہ سال لگانے جارہے ہیں،حکومت میں شمولیت کا ہمارا یہ مقصد نہیں کہ ہم کرپشن کے وکیل صفائی بنیں۔

(جاری ہے)

پیر کے روز صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے حافظ حسین احمد نے مزید کہا کہ مسلم لیگ کی اکثریت ہے اس لیے وہ کسی بھی جیالے یا ورکر کو وزیر اعظم بنا سکتے ہیں، میاں نواز شریف وزیر اعظم کا منصب چھوڑ کر خود کو جوڈیشل کمیشن کے سامنے پیش کریں اور جوڈیشل کمیشن چیف جسٹس کی سربراہی میں تشکیل دیا جائے اگر وہ سرخرو ہوکر نکلیں گے تو ان کے لیے آسانیاں ہوگی اور احتساب کا عمل بھی شفاف اور بے داغ ہوگا ،انہوں نے کہا کہ حکومت میں شمولیت کا ہمارا یہ مقصد یہ نہیں کہ ہم کرپشن کے وکیل صفائی بنیں ، انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم کسی اور کو موقع فراہم کریں اور خود منصب چھوڑ دیں، انہوں نے کہا کہ اگر وزیر اعظم منصب چھوڑ کر ”عدت“ میں جائیں گے تو ”مدت“ پوری ہوسکتی ہے ،انہوں نے کہا کہ عمران خان ڈی چوک سے تھرڈ امپائر کے تعاون کے باوجود وزیر اعظم کی وکٹ تو نہیں گراسکے ،اب رائے ونڈ کا گراوٴنڈ ان کے لیے کیسے کارگر ثابت ہوگا، ان کا کہنا تھا کہ عمران خان رائے ونڈ سہ روزہ یا چلہ لگانے نہیں بلکہ سال لگانے جارہے ہیں، رائے ونڈ کا اجتماع نومبر میں ہوگا اور ایک شریف کی نومبر میں واپسی متوقع ہے اس لیے رائے ونڈ کی بات سمجھ میں آتی ہے، انہوں نے کہا کہ جو سیاستدان پاکستان میں رہنا چاہتے ہیں وہ مال، دولت، بچے ،بیوی ”پہلی بیوی ہو یا دوسری بیوی“ پاکستان میں لانا ہوگا، چاہیے وہ الطاف ہو یاعمران ، نواز ہو یا زرداری اپنے تمام معاملات کو پاکستان میں رکھیں۔

متعلقہ عنوان :