وفاقی حکومت کا معیار طرز حکمرانی:وفاقی حکومت کی کارکردگی دوسرے سال میں 44فیصداسکورکے ساتھ بہتر رہی،حکومت نے خارجہ پالیسی مینجمنٹ میں 74فیصد، غربت کے خاتمے کے پیرامیٹر 65فیصدرہے،شفافیت میں وفاقی حکومت کی کارکردگی کم ترین22فیصد اسکورکے ساتھ انتہائی مایوس کن رہی،حکومت معلومات تک رسائی کا قانون منظور کرانے میں بھی کامیاب نہیں ہوسکی ۔

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ پیر 11 اپریل 2016 17:25

وفاقی حکومت کا معیار طرز حکمرانی:وفاقی حکومت کی کارکردگی دوسرے سال ..

اسلام آباد ( اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔11اپریل۔2016ء):پلڈاٹ کے معیار طرز حکمرانی سے متعلق حالیہ سروے میں انکشاف کیا گیاہے کہ وفاقی حکومت کی کارکردگی پہلے کے مقابلے میں دوسرے سال میں بہتر رہی ہے ،مجموعی اسکور 44فیصدرہا، سماجی اشاریوں کے علاوہ تمام دیگر علاقوں میں وفاقی حکومت کی کارکردگی میں بہتری آئی ہے ۔وفاقی حکومت نے خارجہ پالیسی مینجمنٹ میں 74فیصد اورشفافیت میں 22فیصد اسکور حاصل کیا ہے ۔

پلڈاٹ کی جانب سے جاری کر دہ اسکور کارڈ میں میں بتایاگیاہے کہ طر ز حکمرانی کے مختلف 27پیرا میٹرز میں سے 18پیرامیٹرز میں بہتری دیکھنے میں آئی ہے جبکہ نو پیرامیٹرز میں کارکردگی مایوس کن رہی ہے ۔وفاقی حکومت کی خارجہ پالیسی مینجمنٹ کے پیرا میٹر میں سب سے زیادہ بہتر کارکردگی کا مظاہر ہ کیا ہے ، جس مد میں 74فیصد اسکور حاصل کیا ہے ۔

(جاری ہے)

رپورٹ میں بتایا گیاہے کہ حکومت کے دوسرے سال میں بین الاقوامی میں تعلقات میں بہتری آئی ہے کیونکہ وفاقی حکومت نے امن و مصالحت کیلئے 112 دوطرفہ اور کثیر القوامی معاہدات پر دستخط کئے ہیں اس کے مقابلے میں پہلے سال میں فقط 34معاہدوں پر دستخط ممکن ہوسکے تھے ۔

وفاقی حکومت نے غربت کے خاتمے کے پیرامیٹرمیں 65فیصد اسکور جبکہ شفاف بھرتیوں کے پیرامیٹرمیں 63 فیصد اسکور حاصل کئے ہیں ۔شفافیت میں وفاقی حکومت کی کارکردگی انتہائی مایوس کن رہی جس میں کم ترین 22فیصد اسکور حاصل کیا۔وفاقی حکومت نے تاحال معلومات تک رسائی کا قانون منظور کرانے میں کامیاب نہیں ہوسکی۔اگرچہ سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے اطلاعات و نشریات نے فروری 2014میں مسودہ قانون کی منظوری دیدی تھی، جسے نہ تو کابینہ کو بھجوایا گیا اور نہ ہی پارلیمان میں پیش کیا جاسکا ہے ۔

یہ اسکور کارڈ وفاقی اور صوبائی حکومتوں کے میعار طرز حکمرانی سے متعلق جائزہ رپورٹ کا ایک تسلسل ہے ۔قبل ازیں 31مارچ 2016کو صوبائی حکومتوں کے معیارِ طرز حکمرانی سے متعلق تقابلی جائزہ رپورٹ جاری کی گئی ۔وفاقی حکومت کی معیار طرز حکمرانی کی مد میں مجموعی طورپر 44اسکور حاصل کیا ہے ۔ قانون کی بالادستی میں44فیصد اسکور حاصل کیا ہے معاشی انتظام میں50فیصد، انتظامیہ اثراندازی اور سروس ڈیلوری کی مد میں 51فیصد کا اسکور حاصل کیا ہے ۔

سماجی اشاریوں میں پاکستان مسلم لیگ ن کی حکومت کی کارکردگی انتہائی مایوس کن رہی جس میں فقط 30فیصدہی حاصل کیا گیاہے ۔ پلڈاٹ کے اس جائزہ کا مقصد یہ تاکہ وفاقی اور صوبائی حکومتوں کے طرز حکمرانی سے متعلق مضبوط اور کمزور پہلوؤں کی نشاندہی کی جاسکیں ۔ اس تجزیے کا مقصد ہرگز حکومت کو تنقید کا نشانہ بنانا نہیں ہے بلکہ حقائق پر مبنی تجزیے طرز حکمران کا جائزہ لیا جاسکے۔