جنوبی وزیرستان ‘ آپریشن راہ نجات کے باعث عارضی طورپر نقل مکانی کر نیو الے کی واپسی کے تیسرے مرحلے کا آغاز ہوگیا

تیسرے مرحلے میں7 ہزار 348 خاندان اپنے گھروں کو لوٹیں گے

پیر 11 اپریل 2016 16:47

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔11 اپریل۔2016ء) جنوبی وزیرستان میں آپریشن راہ نجات کے باعث عارضی طور پر نقل مکانی کرنے والے (ٹی ڈی پیز) کی واپسی کے تیسرے مرحلے کا آغاز ہوگیا۔متاثرین کی واپسی کے تیسرے مرحلے میں تحصیل سرواکئی، سرہ روغہ، لدہ، مکین اور تیارزہ سے تعلق رکھنے والے محسود قبیلے کے تقریباً 7 ہزار 348 خاندان اپنے گھروں کو لوٹیں گے۔

جنوبی وزیرستان کے اسسٹنٹ پولیٹیکل آفیسر محمد شعیب کے مطابق واپسی کے تیسرے مرحلے میں متاثرہ خاندان خیبر پختونخوا کے ضلع ٹانگ کے خرگئی کیمپ سے اپنے گھروں کو واپس لوٹیں گے، اپنی مرضی سے گھروں کو لوٹنے والے خاندانوں کی رجسٹریشن پہلے ہی مکمل ہوچکی ہے ‘ ان کی واپسی کے انتظامات بھی مکمل کرلیے گئے ہیں۔

(جاری ہے)

محمد شعیب نے بتایا کہ پہلے روز سرواکئی تحصیل کے 101 خاندان اپنے گھر پہنچیں گے ‘ دیگر تحصیلوں کے متاثرین بھی مرحلہ وار اپنے گھروں کو واپس جائیں گے۔

انہوں نے کہا کہ اپنے آبائی علاقوں کو لوٹنے والے متاثرین کو ٹرانسپورٹ اور دیگر اخراجات کی مد میں فی خاندان 35 ہزار روپے دیئے جارہے ہیں ‘ ان خاندانوں میں چھ ماہ کا مفت راشن اور خیمے بھی تقسیم کیے جائیں گے۔محمد شعیب کے مطابق تیسرے مرحلے میں متاثرین کی واپسی کا عمل 13 مئی تک مکمل کیا جائیگا۔

متعلقہ عنوان :