میرے اور بے نظیر بھٹو کے آف شور کمپنیوں میں کوئی اثاثہ جات نہیں‘ الزامات ثابت ہوجائیں تو سیاست چھوڑ دوں گا‘

پیپلز پارٹی کے رہنما سینیٹر رحمن ملک کی پارلیمنٹ ہاؤس کے باہر میڈیا سے گفتگو

پیر 11 اپریل 2016 16:25

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔11 اپریل۔2016ء) پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنما سینیٹر رحمن ملک نے کہا کہ میرے اور بے نظیر بھٹو کا آف شور کمپنیوں کوئی کوئی اثاثہ جات نہیں‘ الزامات ثابت ہوجائیں تو سیاست چھوڑ دوں گا‘ پانامہ لیکس میں مجھے اور بے نظیر بھٹو کو منسلک کرنا درست نہیں‘ ہمارا پانامہ لیکس میں کوئی ذکر نہیں آیا‘ انڈین ایکس پریس اور پاکستان کے بعض چینلز کو غلط اور جھوٹی خبریں چلانے پر پانچ ارب ہرجانے کا نوٹس بھیجوں گا‘ سیاسی جماعتیں پارلیمنٹ پر اعتماد کریں اور معاملہ پر پارلیمنٹ کا کمیشن بنائیں‘ پانامہ ٹیکس اکنامک لیکس ہے بہت سارے ممالک کو اپنی لپیٹ میں لے گی‘ تاجروں کو پانامہ ٹیکس سے منسلک کرنے سے تاجر تباہ ہوں گے‘ عمران خان پانامہ میں جا کر کیس دائر کریں میڈیا ٹرائل پر کیس نہیں چلتے۔

(جاری ہے)

پیر کو پارلیمنٹ ہاؤس کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ میں نے اپنا بزنس قانون کے تحت کیا تھا۔ دبئی میں 2002 میں کمپنی رجسٹرڈ کی تھی اور اس میں تین پارٹنر تھے۔ 2005 میں امریکہ کی جانب سے عراق پر حملے کے بعد کمپنی بند کردی تھی میرا‘ بے نظیر بھٹو کا کسی آف شور کمپنیوں میں نہ اثاثہ جات ہیں نہ ہی کوئی کمپنیاں ہیں۔ انڈین ایکسپریس میں میرا اور بے نظیر بھٹو کا نام پانامہ لیکس کے ساتھ لنک کرنے کے حوالے سے غلط خبریں چھاپی اور پاکستان کے بعض میڈیا چینلز نے بھی بغیر ثبوت اور تحقیق کے میرا اور بے نظیر بھٹو شہید کا نام پانامہ لیکس کے حوالے سے اچھالا۔

اگر پانامہ لیکس میں میرا نام ثابت ہوا تو سیاست سے استعفیٰ دے دوں گا۔ پاکستان میں ایک تڑکا گروپ معاملے کو غیر ضروری اچھالتا ہے اور میری تصویر ڈال دیتا ہے اور ریٹنگ بناتا ہے۔ پاکستانی میڈیا خیال کرے بغیر تحقیق اور ثبوت کے الزامات کی بنیاد پر کسی کو مجرم قرار نہ دے اور نہ حرمت اچھالیں۔ انڈین ایکسپریس اور پاکستانی میڈیا چینلز جنہوں نے غلط طریقے سے میرا اور بے نظیر بھٹو کا نام پانامہ لیکس میں شامل کیا پانچ ارب ہرجانے کا نوٹس بھیجوں گا۔

اپنی کمپنی کے لئے پاکستان سے کوئی پیسہ باہر نہیں منتقل کیا۔ آئندہ چوبیس گھنٹوں میں معاملہ کے حوالہ سے پاکستان پیپلز پارٹی کی قیادت کے ہمراہ اہم پریس کانفرنس کرکے حقائق سامنے لاؤں گا۔ اگر کوئی چوری کرے تو اس کے خلاف ضرور ایکشن ہونا چاہئے لیکن بغیر ثبوت کے ہر کسی کو مجرم قرار دینا درست نہیں۔ ایک دورے کے خلاف پروپیگنڈہ کرنے کے لئے سب اکٹھے ہوجاتے ہیں لیکن قومی مقاصد کے لئے اکٹھے نہیں ہوتے دوسری طرف کل بھوشن کی طرح کے ایجنٹ موت سپلائی کررہے ہیں۔

ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ کمیشن حاضر سروس جج کا بنائیں یا ریٹائرڈ جج کا جنہوں نے کیڑے نکالنے ہیں وہ نکالیں گے معاملہ پر سیاسی جماعتوں کو پارلیمنٹ پر اعتماد نہیں تو پھر جمہوریت کا درس چھوڑ دیں۔ معاملہ پر پارلیمنٹ کا ایک کمیشن بنانا چاہئے اور ہاؤس کے ممبران پر مشتمل کمیٹی بنا کر تحقیق کرنی چاہئے۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ میری یا بے نظیر بھٹو کا آف شور کمپنیوں میں کوئی اثاثہ نہیں صدر پاکستان سے اپیل ہے کہ پانامہ لیکس کے حوالے سے ہر قسم کے تحقیقاتی کمیشن میں تحقیقات کے لئے تیار ہیں سب سے پہلے پانامہ کے وزیراعظم کو استعفیٰ دینا چاہئے کیونکہ ساری دنیا کی آف شور کمپنیوں کی میزبانی کی اور ٹیکس چھپانے والوں کے لئے ایک جنت بنا دی۔

عمران خان پانامہ میں جا کر کیس دائر کریں۔ میڈیا رپورٹس پر کیس نہیں چلتے پانامہ لیکس نقطہ آغاز ہے یہ اکنامک لیکس ہے اور بہت سارے ممالک کو اپنی لپیٹ میں لے گی۔ بعض رپورٹس کے مطابق یہ سی آئی اے کے آپریٹرز نے شائع کی ہے بیرون ملک تجارت کرنے والوں کو پانامہ لیکس کے ساتھ منسلک کرنے سے تجارت تباہ ہوگی اور نقصان ہوگا۔ معاملہ پر انٹرپول کیوں سورہا ہے انٹر پول اور اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل سے اپیل ہے کہ غیر قانونی کمپنیوں پر پابندی عائد کرنے کے لئے قانون بنائے جائیں۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ وزیراعظم کی جانب سے تحقیقاتی کمیشن کے اعلان کے بعد پیپلز پارٹی استعفیٰ کے مطالبہ سے دست بردار ہوگئی ہے۔

متعلقہ عنوان :