Live Updates

آئندہ مالی سال میں زراعت کیلئے بجٹ دو گنا ،اجناس کی خریداری کیلئے بھی جامع پالیسی کا اعلان کیا جائے ‘ جمشید چیمہ

پیر 11 اپریل 2016 13:32

لاہور( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔11 اپریل۔2016ء) پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی رہنما جمشید اقبال چیمہ نے آئندہ مالی سال میں زراعت کیلئے بجٹ کو دو گنا کرنے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ حکومت کی ناقص پالیسیاں ملک کی خوراک اور صنعت کی ضروریات کو پورا کرنے والے کسان کو متنفر کرنے کا باعث بن رہی ہیں ،حکومت آئندہ بجٹ میں کسان کو ریلیف دینے اور گندم کی طرح دیگر اجناس کی خریداری کیلئے جامع پالیسی کا اعلان کرے ۔

گزشتہ روز کاشتکاروں کے وفد سے ملاقات میں گفتگو کرتے ہوئے جمشید چیمہ نے کہا کہ موجودہ حکومت کے دور میں کسان خوشحال ہونے کی بجائے بد حال ہوا ہے لیکن اس کے باوجود ہمارے کسان نے اپنی پیداوار میں کمی واقع نہیں ہونے دی ۔ انہوں نے کہا کہ حکومت صرف مخصوص شعبے کی طرف توجہ مرکوز کئے ہوئے اور اس کے لئے پالیسیاں بنا کر ریلیف دے رہی ہے جبکہ چاول، گندم اور کپاس کے کسان کی کئی سالوں سے پیداواری لاگت بھی پوری نہیں ہو رہی ۔

(جاری ہے)

حکومت کی طرف سے کسانوں کو ریلیف دینے کیلئے پیکج کا اعلان کیا گیا لیکن بد قسمتی سے اس میں بھی شفافیت نہ ہونے کی وجہ سے اصل کسان اس سے محروم رہے ۔ا نہوں نے کہا کہ اگر حکومت کی یہی پالیسیاں جاری رہیں تو آنے والے چند سالوں میں حالات مزید ابتر ہو جائیں گے جس سے پاکستان کیلئے فوڈ سکیورٹی کے خدشات پیدا ہو جائینگے۔ انہوں نے کہا کہ دیہی آبادی سہولیات اور دیگر مسائل کیوجہ سے دیہاتوں سے شہروں ں کا رخ کر رہی ہے جو انتہائی تشویشناک ہے اس سے نہ صرف ہماری زراعت پر منفی اثرات مرتب ہوں گے بلکہ شہروں کا بوجھ بھی مزید بڑھ جائے گا۔ اس موقع پر کسانوں کے وفد نے پی ٹی آئی کے رہنما کو اپنے مسائل سے بھی آگاہ کیا ۔

Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات

متعلقہ عنوان :