راولپنڈی آرٹس کونسل میں جدید ہومیوپیتھی اور ہماری ذمہ داریوں کے عنوان سے سیمینار کا انعقاد

پیر 11 اپریل 2016 13:16

راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔11 اپریل۔2016ء) راولپنڈی آرٹس کونسل میں جدید ہومیوپیتھی اور ہماری ذمہ داریوں کے عنوان سے ڈاکٹر ہانیمن کی 261 سالگرہ کے موقع پر سیمینار کا انعقاد کیا گیا جس میں مسلم لیگ (ن) کے ممبر قومی اسمبلی راجہ جاوید اخلاص مہمان خصوصی تھے۔ سیمنیارقومی کونسل برائے ہومیوپیتھ کے صدر ڈاکٹر محمود الحق عباسی ‘ آل پاکستان ہومیو پیتھ ایسوسی ایشن کے صدر ڈاکٹر راؤ مرتضیٰ‘ اطلاعات عامہ کے سیکرٹری ڈاکٹر امین اور راولپنڈی اسلام آباد کے اطلاعات عامہ کے سیکرٹری ڈاکٹر لیاقت جدون کے زیر انتظام منعقد کیا گیا۔

ڈاکٹر محمود الحق عباسی نے ہومیو پیتھ ڈاکٹروں کو درپیش مسائل سے آگاہ کیا اور ہومیوپیتھ طریقہ علاج پر روشنی ڈالی۔

(جاری ہے)

انہوں نے حکومت پاکستان سے مطالبہ کیا کہ اس طریقہ علاج کو سرکاری سطح پر نافذ کیا جائے اور ہومیو ڈاکٹروں کو حکومت صحت کے شعبہ میں نوکریاں دی جائیں اور اس کے فروغ کے لئے فنڈز جاری کئے جائیں۔ ہومیو ڈاکٹر راؤ مرتضیٰ نے کہا کہ ہومیو ایک سستا ترین اور بے ضرر طریقہ علاج ہے حکومت کو اس پر توجہ دینی چاہئے اور اس کے لئے ایک یونیورسٹی کا قیام انتہائی ناگزیر ہے۔

اس علاج کی ترقی اور فروغ کے لئے حکومت کو اپنی ذمہ داریاں پوری کرنی چاہئیں۔ ایلوپیتھ کی طرح ہومیو پیتھ کو بھی سرکاری مراعات دی جائیں جس پر راجہ جاوید اخلاص نے یقین دہانی کروائی کہ ہومیو ڈاکٹروں کے تمام مسائل حل اور ان کی تجاویز پر سنجیدگی سے غور کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ ہومیو پیتھ شعبے کی ترقی اور فروغ کے لئے وزارت صحت سے بات کرونگا اور اپنا ہر ممکن کردار ادا کروں گا۔ انہوں نے کہا کہ میں اور میری فیملی بھی ہومیو پیتھ طریقہ علاج پر یقین رکھتی ہے۔