گندم خریداری مراکز پر تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں گے۔ڈسٹرکٹ فوڈ کنٹرولر

پیر 11 اپریل 2016 12:46

بھکر۔11 اپریل(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔11 اپریل۔2016ء )حکومت پنجاب کے احکامات کے مطابق ضلع بھر میں گندم خریداری مراکز پر تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں گے۔ کسانوں کو سہولیات کی فراہمی میری اولین ترجیحات میں شامل ہے۔ڈی سی او بھکر کے احکامات پر تمام مراکز خریداری کیلئے نگران کمیٹیاں بھی تشکیل دے دی گئی ہیں۔ضلع بھرمیں 13 لاکھ سے زائد بوری گندم خرید کی جائے گی ۔

ان خیالات کا اظہار ڈسٹرکٹ فوڈ کنٹرولر زاہد پرویز نے کیا۔

(جاری ہے)

انہوں نے بتایا کہ تمام سنٹروں پر عملہ اور کوآرڈی نیٹر تعینات کردیے گئے ہیں اور 15 اپریل سے باردانہ کی تقسیم کا عمل شروع کردیا جائے گا۔سرکاری ریٹ کے مطابق 3250 روپے فی 100 کلو کی بوری مقرر کی گئی ہے جبکہ باردانہ بھی ٹارگٹ کے مطابق دفاتر میں موجود ہے۔خریداری مراکز پر شفافیت کو برقرار رکھنے کیلئے ڈی سی او بھکر براہ راست نگرانی کریں گے جبکہ اے ڈی سی کو فوکل پرسن مقرر کیا گیا ہے ۔ فہرستیں اسسٹنٹ کمشنر کے دفاتر اور خریداری مراکز پر آویزاں کردی گئی ہیں۔کاشتکاروں کو فہرستوں میں درج نام کے مطابق باردانہ کی تقسیم عمل میں لائی جائے گی ۔