چند مٹھی بھر عناصر عوام کی خوشحالی اور ملک کی ترقی میں جان بوجھ کر رکاوٹیں ڈال رہے ہیں‘ شہباز شریف

پاکستان ہم سب کا ہے اوراسے مل کر مضبوط اور توانا بنائینگے‘محمد شہباز شریف سے وفاقی وزیر ریلویز خواجہ سعد رفیق کی ملاقات

اتوار 10 اپریل 2016 16:35

لاہور( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔10 اپریل۔2016ء) وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف سے آج یہاں وفاقی وزیر ریلویز خواجہ سعد رفیق نے ملاقات کی۔ وزیراعلیٰ محمد شہباز شریف نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ چائنہ پاکستان اکنامک کوریڈور چین کا پاکستان کیلئے ایک لازوال تحفہ ہے اور سی پیک کے تحت پنجاب سمیت پاکستان بھر میں منصوبوں پر کام تیزی سے جاری ہے۔

(جاری ہے)

سی پیک کے منصوبوں سے پاکستان سمیت پورے خطے کو معاشی فوائد حاصل ہوں گے۔ انہو ں نے کہا کہ وزیراعظم محمد نواز شریف کی قیادت میں پاکستان ترقی اور خوشحالی کے سفر پر چل پڑا ہے۔چند مٹھی بھر عناصر عوام کی خوشحالی اور ملک کی ترقی میں جان بوجھ کر رکاوٹیں ڈال رہے ہیں لیکن عوام نے ایسے عناصر کو عام انتخابات 2013 اور بلدیاتی الیکشن میں مسترد کر دیا تھا۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ پاکستان ہم سب کا ہے اوراسے مل کر مضبوط اور توانا بنائیں گے۔