کراچی:70درخت کاٹنے پر بلڈر اور عملے کیخلاف مقدمہ درج

مقدمہ سندھ گورنمنٹ لوکل ایکٹ 2013 کے تحت فیروزآباد تھانے میں درج کیا گیا

اتوار 10 اپریل 2016 15:10

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔10 اپریل۔2016ء) ملک کے سب سے بڑے شہر کراچی میں سڑک کنارے لگے درخت کاٹنے پر بلڈر کے خلاف مقدمہ درج کر لیا گیا۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق شہید ملت روڈ کے گرین بیلٹ پرلگے 70 گھنے درختوں کو کاٹنے کا مقدمہ بلڈر کے خلاف درج کیا گیا۔روڈ پر واقع پروجیکٹ کی خوبصورتی درختوں میں چھپنے کے باعث درخت کاٹے گئے تھے۔

(جاری ہے)

کمشنر کراچی آصف حیدر شاہ نے گرین بیلٹ پر 70 درخت کاٹے جانے کا نوٹس لیتے ہوئے ڈپٹی کمشنر (ڈی سی) کراچی شرقی کو واقعہ کی تحقیقات کے احکامات دیئے۔تحقیقات میں ثابت ہوا کہ بلڈر نے اپنے عملے کی مدد سے رہائشی پروجیکٹ کی خوبصورتی واضح کرنے کے لیے گرین بیلٹ پر لگے 70 درخت کاٹ دیئے تھے۔ڈپٹی کمشنر ضلع شرقی کی تصدیق کے بعد کمشنر کراچی کے حکم پر بلڈر اور عملے کے خلاف مقدمہ درج کرلیا گیا۔ مقدمہ سندھ گورنمنٹ لوکل ایکٹ 2013 کے تحت فیروزآباد تھانے میں درج کیا گیا۔خیال رہے کہ گزشتہ سال جون 2015 کے آخری 10 روز میں شدید گرمی کے باعث کراچی میں 1200 سے زائد افراد ہلاک ہوئے تھے ۔

متعلقہ عنوان :