Live Updates

انکوائری کمیشن مکمل با اختیار ہوگا جسے چاہے طلب کر سکے گا عمران خان سنجیدگی کامظاہرہ کریں پرویز رشید

ذاتی گھروں میں جانے کی باتیں نہیں ہونی چاہیں ایسا ہوگا تو پھر کسی کا بھی گھر محفوظ نہیں رہے گا عوام اگلے انتخابات میں الزامات کی سیاست کو رد کردیں گے وزیر اطلاعات کا انٹرویو

اتوار 10 اپریل 2016 14:45

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔10 اپریل۔2016ء) وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات سینیٹر پرویزرشید نے کہاہے کہ انکوائری کمیشن مکمل با اختیار ہوگا جسے چاہے طلب کر سکے گا عمران خان سنجیدگی کامظاہرہ کریں ذاتی گھروں میں جانے کی باتیں نہیں ہونی چاہیں ایسا ہوگا تو پھر کسی کا بھی گھر محفوظ نہیں رہے گا عوام اگلے انتخابات میں الزامات کی سیاست کو رد کردیں گے۔

ایک انٹرویومیں وفاقی وزیر اطلاعات ونشریات پرویز رشید نے کہاکہ پاناما لیکس کے انکشافات کے بعد حکومت کی جانب سے بنایا جانیوالا انکوائری کمیشن مکمل بااختیار ہو گا، جسے چاہے طلب کر سکے گا اور اب عمران خان سنجیدگی دکھائیں۔عمران خان کی پی ٹی وی پر خطاب کی خواہش پر پرویز رشید نے کہاکہ عمران خان تو ایک سو چھبیس دن خالی کرسیوں سے بھی خطاب کرتے رہے ہیں اور وہ گھر میں بیٹھ کر جو مرضی کریں۔

(جاری ہے)

وزیر اطلاعات نے کہا کہ ذاتی گھروں میں جانے کی باتیں نہیں ہونی چاہیں اگر ایسا ہو گا تو پھر کسی کا بھی گھر محفوظ نہیں رہے گا رائے ونڈ مسلم لیگ (ن) کی قیادت کی ذاتی رہائش گاہ ہے اور کسی کو بھی بدامنی پھیلانے کیلئے اس طرف مارچ کرنے کی دھمکی نہیں دینی چاہئے۔ایک سوال کے جواب میں وزیراطلاعات پرویز رشید نے کہا کہ عوام اگلے انتخابات میں الزامات کی سیاست کو رد کردیں گے۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ عوام لوڈ شیڈنگ میں کمی کے گواہ ہیں اور وہ دہشتگردی اور توانائی کے بحران کا بھی خاتمہ چاہتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت لوگوں کو روزگار کے بہتر مواقع کی فراہمی کیلئے پرعزم ہے۔

Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات