برطانوی وزیرِاعظم ڈیوڈ کیمرون نے 2014 اور 2015 کے دوران ادا کیے جانے والے ٹیکس کی تفصیلات جاری کر دیں

Mian Nadeem میاں محمد ندیم اتوار 10 اپریل 2016 12:19

برطانوی وزیرِاعظم ڈیوڈ کیمرون نے 2014 اور 2015 کے دوران ادا کیے جانے والے ..

لندن(ا ردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین-انٹرنیشنل پریس ایجنسی۔10اپریل۔2016ء) برطانیہ کے وزیرِاعظم ڈیوڈ کیمرون نے 2014 اور 2015 کے دوران ادا کیے جانے والے ٹیکس کی تفصیلات جاری کر دی ہیں۔انھوں نے گذشتہ دو برس کے دوران کمائی جانے والی دو لاکھ پاونڈ آمدن پر 76 ہزار پاونڈ ٹیکس ادا کیا اور اس کی تفصیلات انھوں نے جاری بھی کر دی ہیں۔ڈیوڈ کیمرون کو لندن میں اپنے آبائی گھر کے کرائے کے 46 ہزار 899 پاونڈ کا 50 فیصد حصہ لیا۔

برطانوی وزیراعظم کی جانب سے یہ تفصیلات پاناما لیکس میں اپنے والد کی آف شور کمپنی کے حوالے سے پیدا ہونے والے تنازعے کے بعد جاری کی گئی ہیں۔ یہ تفصیلات جاری کرنے سے پہلے انھوں نے اپنے بارے میں کہا تھا کہ وہ اسے بہتر انداز میں نمٹا سکتے تھے لیکن وہ اب اس سے سبق سیکھیں گے۔

(جاری ہے)

ڈیوڈ کیمرون نے اعتراف کیا ہے کہ رواں ہفتہ ان کے لیے خاصا مشکل رہا ہے۔

برطانوی وزیرِاعظم کا اپنی جماعت کے کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے کہنا تھا کہ اپنے والد کی آف شور کمپنی میں اپنے حصص کے معاملے کو جس انداز میں نمٹاگیا اس کے ذمہ دار وہ خود ہیں۔رواں ہفتے پانامہ لیکس یعنی موساک فونیسکا کی دستاویزات کے منظر عام پر آنے کے بعد برطانوی وزیراعظم نے اعتراف کیا تھا کہ ان کے والد کی جانب سے بنائی گئی ایک آف شور کمپنی میں ان کے حصص بھی تھے۔

ڈیوڈ کیمرون کا کہنا تھا کہ مجھے معلوم ہے کہ اس سارے معاملے سے سبق سیکھنے کی ضرورت ہے۔برطانوی وزیرِاعظم کا مزید کہنا تھا کہ تمام صورتحال کا میں خود ذمہ دار ہوں اس کے لیے میرے مشیران کو موردِ الزام نہیں ٹھہرایا جاسکتا۔خیال رہے کہ وزیراعظم ڈیوڈ کیمرون پر اس ضمن میں مختلف حلقوں کی جانب سے شدید تنقید کی گئی ہے۔حزب اختلاف کی جماعت لیبر نے ڈیوڈ کیمرون کی جانب سےاپنے والد کی آف شور کمپنی میں حصص رکھنے کےانکشاف کے بعد کہا تھا کہ وزیر اعظم اپنا اعتماد کھو رہے ہیں۔

منگل کو وزیر اعظم نے کہا تھا کہ انھوں نے 2010 میں ٹین ڈاو¿ننگ سٹریٹ میں داخل ہونے سے قبل تمام حصص فروخت کر دیے تھے اور حصص کی فروخت سے حاصل ہونے والے 30 ہزار برطانوی پاونڈ کی رقم پرعائد تمام ٹیکس بھی ادا کر دیے تھے۔ان کا کہنا تھا کہ ان کے والد ایلن کمیرون نے بلیئرمور ہولڈنگ کمپنی ٹیکس سے بچنے کے لیے قائم نہیں کی تھی۔ڈاوننگ سٹریٹ اور وزیر اعظم کیمرون کی جانب سے بلیئرمور ہولڈنگ میں حصہ داری کے حوالے سے چار بیانات جاری کیے گئے تھے جس کے بعد جمعرات کو انھوں نے ایک برطانوی نیوز چینل کے ساتھ بات کرتے ہوئے اپنے والد کی آف شور کمپنی میں اپنے ذاتی حصص کا انکشاف کیا تھا۔

متعلقہ عنوان :