ریسکیور ز کے 21اور 22بیج کی پاسنگ آؤٹ پریڈ کا ایمرجنسی سروسز ز اکیڈمی میں انعقاد

ہفتہ 9 اپریل 2016 22:51

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔09 اپریل۔2016ء) پنجاب ایمرجنسی سروس (ریسکیو1122)اور ایمرجنسی ریسکیو سروس (ریسکیو 1122)کے اکیسویں اور بائیسویں بیج کی پاسنگ آؤٹ پریڈ ایمرجنسی سروسز اکیڈمی میں منعقد ہوئی جس میں پنجاب اور KPKکے 443ریسکیورز اپنے اپنے صوبوں میں ریسکیو سروس کی پیشہ ورانہ مہارتوں کو بڑھانے اورتربیت یافتہ ہیومن ریسورس کی کمی کو پورا کرنے کے لئے پاس آؤٹ ہوگئے۔

تقریب میں مہمانِ خصوصی صوبائی وزیرِ قانون پنجاب رانا ثناء اللہ خان جبکہ مہمانِ اعزاز ڈائریکٹر جنرل ایمرجنسی ریسکیو سروس (ریسکیو 1122)ڈاکٹر اسد علی خان تھے ۔ تقریب میں ڈائریکٹر جنرل پنجاب ایمرجنسی سروس بریگیڈئر (ر)ڈاکٹر ارشد ضیاء اور ڈائریکٹر جنرل ایمرجنسی ایمرجنسی سروسز اکیڈمی بریگیڈئر (ر)امیر حمزہ، ریسکیورز کے والدین ، عزیزو اقارب اور زندگی کے مختلف شعبہ ہائے جات سے تعلق رکھنے والے افراد نے خصوصی شرکت کی۔

(جاری ہے)

تفصیلات کے مطابق ، خیبر پختونخواہ کے 319ریسکیورز جبکہ پنجاب کے 124ریسکیورز پیشہ ورانہ تربیت مکمل کرنے کے بعد گزشتہ روز پاس آؤٹ ہوگئے۔ڈائریکٹر جنرل ایمرجنسی سروسززاکیڈمی (ریسکیو1122)بریگیڈئر (ر)امیر حمزہ نے اپنے استقبالیہ کلمات میں پاس آؤٹ ہونے والے ریسکیورز کو مبارکباد دی اوروسائل فراہم کرنے پر وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف کا خصوصی شکریہ ادا کیا۔

انہوں نے پاس آؤٹ ہونے والے ریسکیورز کے والدین کو بھی مبارکباد دی اور کہا کہ انہیں اس بات پر فخر ادا کرنا چاہیے کہ ان کے بچے ایک زندگیاں بچانے والی سروس کا حصہ بن چکے ہیں۔ اس موقع پر ڈائریکٹر جنرل ایمرجنسی ریسکیو سروس (ریسکیو 1122)خیبر پختونخواہ ڈاکٹر اسد علی خان نے حکومتِ پنجاب خصوصاََ وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف کا تہہ دل سے شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا جس طرح حکومت پنجاب نے تکنیکی معاونت اور پیشہ ورانہ تربیت فراہم کی ہے وہ قابلِ تعریف ہے۔

انہوں نے کہا کہ انہیں ایمرجنسی سروسز اکیڈمی میں آکر یوں محسوس ہوتا ہے کہ وہ پاکستان کی ایمرجنسی سروسز اکیڈمی میں آئے ہیں ۔ اس موقع پر انہوں نے بریگیڈئر امیر حمزہ کی کاوشوں کی بھی تعریف کی۔ ڈائریکٹر جنرل پنجاب ایمرجنسی سروس بریگیڈئر (ر)ڈاکٹر ارشد ضیاء نے اس موقع پر ریسکیو کے جوانوں کوپاس آؤٹ ہو نے پر مبارکباد دی اور مہمانِ خصوصی رانا ثناء اللہ خان، ڈائریکٹر جنرل KPK، ڈائریکٹر جنرل ایمرجنسی سروسز اکیڈمی، ریسکیورز، ان کے عزیز و اقارب اور دیگر مہمانوں کا شکریہ ادا کیا۔

انہوں نے بریگیڈئر امیر حمزہ کی لگن اور جذبے کی تعریف کی۔ پاسنگ آؤٹ کے موقع پر کیڈٹس نے آگ اور دھما کہ کے دوران زخمیوں کی ایمر جنسی مینجمنٹ کرنے کی فرضی مشق کا مظاہرہ بھی پیش کیا۔ تربیتی کورس کے دوران سکھائی جانے والی مختلف مہارتوں مثلا آگ بجھانے، میڈیکل مدد فراہم کرنے ، تباہ شدہ عمارتوں سے ریسکیو کرنے، بلندی سے ریسکیو کرنے کا عملی مظاہر ہ بھی پیش کیا گیا-تربیت پانے والے تمام ریسکیورز کو پہلے مرحلے میں میڈیکل ، ریسکیو، فائر فائٹنگ اور بلندی سے ریسکیو کرنے کی تربیت دی گئی اور اس کے ساتھ ساتھ میڈیکل فرسٹ ریسپانڈر، منہدم عمارتوں میں تلاش اور بچاؤ، موثر رابطے کے طریقے، انسیڈنٹ کمانڈ سسٹم اور حادثات سے بچاؤ کے لیے کمیونٹی کی تربیت کے مخصوص کورسز بھی کروائے گئے۔

متعلقہ عنوان :