لبرل ازم کے حامی اللہ کے عذاب سے ڈریں، مولانا محمد اسعد زکریا قاسمی

خیبر پختونخواہ کی حکومت چوہوں کے پیچھے بھاگنے کے بجائے سیلاب سے متاثرہ افراد کی مدد کرے ، KPKسے آئے علماء کے وفد سے گفتگو

ہفتہ 9 اپریل 2016 21:12

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔09 اپریل۔2016ء) تاریخ شاہد ہے کہ گزشتہ ادوار میں جس حکمران نے بھی لبرل ازم کی یا اس کے حامیوں کی حمایت کی ہمیشہ منہ کی کھائی اپنی کرسی کی مضبوطی کے دعویدار اسی حمایت کی وجہ سے کرسی سمیت زمین بوس ہوگئے موجودہ حکمران بھی کان کھول کر سن لیں کہ وہ بھی لبرل ازم کی حمایت چھوڑ دیں اور اللہ کے عذاب سے ڈریں ،اللہ کی لاٹھی بے آواز ہے جب برسے گی تو بغیر آواز کے سب کا صفایا کر دے گی ۔

ان خیالات کا اظہار پاکستان علماء کونسل سندھ کے صدر مولانامحمد اسعد زکریا قاسمی نے صوبہ خیبر پختونخواہ سے آئے ہوئے علماء کے وفد سے ملاقات میں کیا۔ انہوں نے مزید کہا خیبر پختونخواہ کی صوبائی حکومت چوہوں کے پیچھے بھاگنے کے بجائے غریب اور پسماندہ عوام کی فلاح وبہبود کیلئے کام کرے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ سیلاب میں دسیوں افراد جاں بحق اور سینکڑوں گھر تباہ ہوچکے ہیں اور متاثرہ افراد کا ار بوں روپے کا نقصان ہوچکا ہے۔

یہ متاثرہ افراد زیادہ مستحق ہیں۔ صوبائی حکومت اور وفاقی حکومت متاثرہ افراد کی بحالی کیلئے ہنگامی اقدامات کرے۔ اس موقعہ پر پاکستان علماء کونسل کراچی ڈویژن کے صدر مولانا حبیب الرحمن ، جنرل سیکریٹری قاری محمد اعظم فاروقی ، مولانا عبدالبصیر مداخیلی، مولانا عمر خطاب حسن زئی، صاحبزادہ سرمد اسعد ، صاحبزادہ اشہد اسعد، قاری شیر زمان، سماجی رہنما شیخ عطاء الرحمن اور پاکستان علماء سندھ کے صوبائی سیکریٹری اطلاعات قاری محمد طیب بھی موجود تھے۔

متعلقہ عنوان :