ہمیں دہشت گردی کا ناسور جڑ سے اکٹھاڑ پھینکنے کے لئے متحد ہونا ہو گا‘ خلیل طاہر سندھو

ملک وقوم کے لئے جان قربان کرنے والوں کو خراج عقیدت پیش کرتے ہیں‘ وزیر اقلیتی امور وانسانی حقوق فلوئنگ مرسی فاؤنڈیشن کے زیر اہتمام سانحہ گلشن پارک میں جاں بحق ہونے والوں کے لواحقین میں امدادی رقوم کی تقسیم

ہفتہ 9 اپریل 2016 21:09

لاہور( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔09 اپریل۔2016ء ) وزیر برائے اقلیتی امور وانسانی حقوق پنجاب خلیل طاہر سندھو نے کہا ہے کہ ہمیں دہشت گردی کا ناسور جڑ سے اکٹھاڑ پھینکنے کے لئے متحد ہونا ہو گا۔وہ یہاں اوور فلوئنگ مرسی فاؤنڈیشن کے زیر اہتمام گلشن اقبال پارک سانحے میں جاں بحق ہونے والے مسلم اور مسیحی افراد کے اہل خانہ میں امدادی چیک تقسیم کرنے کی تقریب سے خطاب کررہے تھے۔

تقریب میں وفاقی وزیر سینیٹر کامران مائیکل،ایم پی اے میری گل کے علاوہ ریورنڈ ڈاکٹر لیاقت قیصر،ریورنڈ بنیامین،ریورنڈ مقبول گل،ریورنڈ شوکت فضل،پاسٹر ڈینئل رفیق،چاچا کرکٹ،چاچا جانی۔جیمز سرور،وکٹر لال اوردیگر نے بھی شرکت کی اور دہشت گردی کی مذمت کی۔خلیل طاہر سندھو نے کہا کہ آج کی تقریب کا مقصد سانحہ میں جاں بحق ہونے والوں کو خراج عقیدت پیش کرنا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ بطور پاکستانی ہم متاثرہ خاندانوں کے ساتھ اظہار یک جہتی کرتے ہیں اور دہشت گردی کے واقعات کی روک تھام کے لئے متحدہ جدوجہد پر حکومت ،افواج اور عوام کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کرنے والے کبھی رعایت کے مستحق نہیں ہیں۔انہوں نے غمزدہ خاندانوں کے ساتھ اظہار یک جہتی کیا اور کہا کہ قوم کے لئے اپنی جان کا نذرانہ پیش کرنے والوں کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گے۔ بعدازاں صوبائی وزیر نے متاثرین کے لواحقین میں50 ہزار روپے فی کس امدادی چیک تقسیم کئے۔قبل ازیں سکول کے بچوں نے ٹیبلو پیش کیا۔تقریب میں ڈاکٹرز اور نرسزکی خدمات کو بھی سراہا گیا اور جاں بحق ہونے والوں کی یاد میں ایک منٹ کی خاموشی اختیار کی۔

متعلقہ عنوان :