بلوچستان کے طلبہ وطالبات کے لیے بہتر تعلیمی ماحول اور باہمی احترام کا رشتہ ناگزیر ہے‘ لیاقت بلوچ

ہفتہ 9 اپریل 2016 21:09

لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔09 اپریل۔2016ء) جماعت اسلامی پاکستان کے سیکرٹری جنرل لیاقت بلوچ نے کہا ہے کہ پنجاب یونیورسٹی میں اسلامی جمعیت طلبہ سے متعلق طالبعلموں اور بلوچستان سے بلوچ پشتون ،سیٹلرز، ہزارہ طلبہ کے ساتھ گزشتہ دنوں ناخوشگوار واقعہ سے تلخ صورتحال پیدا ہوئی لیکن بلوچستان کی تمام جماعتوں کے رہنماؤں نے بڑی دانشمندی اور قومی جذبہ کا مظاہرہ کرتے ہوئے معاملات کو جرگہ اصولوں کے مطابق حل کر دیا ہے ، جماعت اسلامی کی جانب سے بھر پور تعاون کیا گیا ۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے لاہور میں بلوچستان کے سیاسی رہنماؤں اور طلبہ رہنماؤں کے اعزاز میں ظہرانہ سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔منصورہ میں اے این پی کے رہنما زمرک خان ، بی این پی ، این پی ، جمعیت علمائے اسلام ہزارہ ڈیموکریٹک پارٹی اور جماعت اسلامی بلوچستان کے رہنماؤں نے ظہرانہ میں شرکت کی اس موقع پر پنجاب یونیورسٹی ، اسلامی جمعیت طلبہ، پشتون ، بلوچ ، ہزارہ قبائل سے تعلق رکھنے والے طلبہ اور بلوچستان طلبہ کونسل کے قائدین نے شرکت کی ۔

(جاری ہے)

لیا قت بلوچ نے کہاکہ طلبہ و طالبات ملک و ملت کا مشترکہ سرمایہ ہیں ۔ بلوچستان کے طلبہ وطالبات کے لیے بہتر تعلیمی ماحول اور باہمی احترام کا رشتہ ناگزیر ہے ۔ جماعت اسلامی ہر طریقے سے طلبہ حقوق کی محافظ بنی رہے گی ۔ بلوچستان کے رہنماؤں زمرک خان ، مولانا امیر زمان ، سینیٹر داؤد خان ، عیسیٰ ندوی ، عبدالواحد ، ہارون صدیقی ، عبدالحق ہاشمی ، عبدالقیوم کاکڑ ، سینیٹر ملک عبدالمجید کاکڑ ، سینیٹر نصیر شاہوانی نے بھی اس موقع پر پنجاب یونیورسٹی میں طلبہ مسئلہ حل کرنے پر اپنے اطمینان اور اعتماد کا اظہار کیا کہ اسلامی جمعیت طلبہ اور بلوچستان کے طلبہ و طالبات باہمی احترام قائم رکھیں گے ۔

بلوچ اور پشتون جرگہ کے مطابق صلح کے بعد تمام مقدمات کی واپسی اور نقصانات معاف کرنے کا اعلان کر دیا ۔

متعلقہ عنوان :