وزیر بلدیات سندھ جام خان شورو کی ڈینگی سے بچاوٴ کیلئے واٹر بورڈ سمیت تمام متعلقہ اداروں کو موٴثر اور جامع اقدامات کرنے کی ہدایت

ہفتہ 9 اپریل 2016 19:52

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔09 اپریل۔2016ء) صوبائی وزیرِ بلدیات و چیئرمین کراچی واٹر اینڈ سیوریج بورڈ جام خان شورو نے ڈینگی سے بچاوٴ کیلئے واٹر بورڈ سمیت تمام متعلقہ اداروں کو موٴثر اور جامع اقدامات کرنے کی ہدایت کی ہے ان ہدایات کی روشنی میں ایم ڈی واٹر بورڈ مصباح الدین فرید نے ڈی ایم ڈی ٹیکنیکل سروسز،سپر نٹنڈنگ انجینئرز اور چیف انجینئر الیکٹریکل اینڈ مکینکل خاص طور پرسپر نٹنڈنگ انجینئرز بلک اور ڈسٹری بیوشن اور متعلقہ افسران کو ڈینگی سے بچاوٴ کیلئے مختلف نوعیت کے ضروری اقدامات کرنے کے احکامات جاری کر دیئے ہیں، انہوں نے ہدایت کی ہے کہ وزیرِ بلدیات کے ان احکامات پر سختی سے عمل کیا جائے اور روزانہ کے اقدامات کی رپورٹ بھیجی جائے ،انہوں نے مزید کہا ہے کہ تمام ضلعی سپرنٹنڈنگ انجینئرز اور ایگزیکٹو انجینئرز اپنے ضلع میں فراہمی ونکاسی آب کی مین ٹرنک لائنوں ، پمپنگ اسٹیشنز ، ریزروائرز اور واٹر بورڈ کی تمام تنصیبات کی مانیٹرنگ کریں اور جہاں کہیں بھی فراہمی آب کی لائنوں میں لیکجز ہوں تو وقت ضائع کئے بغیر ان کی فوری مرمت کروائیں اور رساوٴ کی جگہ سے کھڑے ہونے والے پانی کو فوری طور پر بلا تاخیر صاف کرایا جائے ، ایم ڈی واٹر بورڈ نے کہا ہے کہ بعض اوقات پانی کی پائپ لائنوں میں ہونے والے رساوٴ کی وجہ سے پمپنگ اسٹیشنز اور مختلف جگہوں پر پانی جمع ہوسکتا ہے جس سے ماحول خراب ہونے کے ساتھ ساتھ مچھروں کی افزائش بھی ممکن ہے کیونکہ ڈینگی مچھر ٹھہرے ہوئے صاف پانی میں پرورش پاتا ہے ،لہذا تمام سپر نٹنڈنگ انجینئرزا ور متعلقہ اسٹاف اپنے ضلع میں ایسی ٹیمیں تشکیل دیں جو مختلف اوقات میں ان جگہوں کا سروے کرتی رہیں اور اس بات کو یقینی بنائیں کہ کہیں بھی فراہمی آب کی لائنوں میں رساوٴ کو نہ ہونے دیں اس سلسلہ میں تمام احتیاطی تدابیر اختیار کرتے ہوئے فوری نوعیت کے اقدامات کئے جائیں ،انہوں نے ڈپٹی چیف انجینئر/ فوکل پرسن محمد اعظم خان کو ہدایت کی کہ تمام متعلقہ محکموں خاص طور پر محکمہ صحت ،کے ایم سی ، ضلعی بلدیات،ڈپٹی کمشنرز اور کمشنر آفس سے رابطہ بحال رکھیں اور ان کے ساتھ تعاون کرتے ہوئے موٴثر اقدامات کئے جائیں ،انہوں نے مزید ہدایت کی ہے کہ واٹر بورڈ کے انڈر گراؤنڈ ٹینک فوری طور پر صا ف کرائے جائیں جبکہ پمپنگ اسٹیشنز پر صفائی کا خاص خیال رکھا جائے اور مشینری اور عمارتوں پر بھی رنگ وروغن کرا لیا جائے ،اردگرد کے ماحول کو صاف ستھرا رکھا جائے تاکہ خوشگوار ماحول میسر آسکے انہوں نے شہر یوں اور اداروں سے درخواست کی ہے کہ فور ی طور پر پانی ذخیرہ کر نے والے انڈر گراؤنڈ ٹینک اور اوور ہیڈ ٹینکس کی صفائی کرائیں پانی کسی بھی جگہ جمع نہ ہو نے دیں ،گملوں ، لان وغیرہ میں بھی پانی کھڑا نہ ہو ،اسی طرح پانی کھلے بر تنوں میں ہر گز نہ رکھا جائے ،اگر کسی علاقہ میں کسی پانی کی لائن میں رساؤ ہو تواس کی مر مت کے لئے فور ی طور پر واٹر بورڈ کے ضلعی سپر نٹنڈنگ انجینئر ز یا مر اکز شکایات سے رابطہ کریں،انہوں نے کہا ہے کہ دفاتر ، مساجد ،مدارس ، تعلیمی اداروں ہر جگہ ٹینک کی صفائی ضرور کرا لی جائے تاکہ مچھروں کی افزائش نہ ہو سکے۔

متعلقہ عنوان :