ٹریفک وارڈنز ہر ٹریفک سیکڑ میں عوام کی سہولت کیلئے مثالی انتظامات کریں۔ سی ٹی او

ہفتہ 9 اپریل 2016 19:40

فیصل آباد۔(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔09 اپریل۔2016ء)ٹریفک وارڈنز ہر ٹریفک سیکڑ میں عوام کی سہولت کے لیے مثالی انتظامات کریں۔ ٹریفک چالان کی ادائیگی اور کاغذات کی واپسی کے لیے آنے والے تما م افراد کے ساتھ انتہائی عزت و تکریم کے ساتھ پیش آیا جائے۔ شہریوں کو مکمل رہنمائی فراہم کی جائے اور ٹریفک سیکڑ انچارجز اپنے ریکارڈز کو احسن انداز سے درج کریں اور صفائی سے لے کر پانی تک کے انتظامات کو ترجیح دی جائے۔

ان خیالات کا اظہار چیف ٹریفک آفیسر عارف شہباز خان وزیر نے ٹریفک سیکڑ کے دورہ کے موقع پرکیا۔ انہوں نے کہا تمام ٹریفک سیکٹرز کی سر پرائز چیکنگ کے علاوہ فارمل انسپکشن کا بھی بہت جلد آغاز کیا جا رہا ہے۔ اس حوالے سے کسی قسم کی کمی کوتاہی ہر گز برداشت نہیں کی جاے گی۔

(جاری ہے)

اس موقع پر سی ٹی او نے کہا کہ ڈیوٹی آفیسر اور ٹیکٹنگ آفیسر کے علاوہ دیگر کوئی فیلڈ ڈیوٹی کا ٹریفک وارڈن ٹریفک سیکڑ میں بلاوجہ نہ ٹھہرے اور ہر آفیسر اپنے تمام فرائض منصبی کو اچھے طریقہ سے نبھاے۔

سی ٹی او نے کہا کہ اگر کسی بھی شہرکو کسی ٹریفک سیکڑ سے کوئی شکایت ہو تو وہ سی ٹی او دفتر سے رجوع کر سکتا ہے۔ اس کے علاوہ سی ٹی او نے فری ٹریفک پولیس ہیلپ لائن 1915کو واضح لکھ کر ہر ٹریفک سیکڑ میں آویزاں کرنے کے احکامات بھی جاری کر دئیے۔ واضح رہے کہ ہر ٹریفک سیکڑ کو شہریوں کی سہولت کے لیے صبح 07بجے سے لے کر رات 11بجے تک کھلا رکھنے اور ڈیوٹی آفیسر کو موجود رہنے کے لیے بھی ایس او پی بھی واضح کر دی گئی۔