"ٹیکسپو2016 " نمائش کے کامیاب ترین انعقادسے ملکی برآمدات پر مثبت اثرات مرتب ہونگے،یو بی جی

ناعاقبت اندیشوں کی تنقید کے باوجود ملک کے بہتر مفاد میں ایکسپورٹ بڑھانے کے مشن میں بزنس کمیونٹی ایس ایم منیر کے ساتھ ہے،زبیر طفیل ،گلزرفیروز

ہفتہ 9 اپریل 2016 18:38

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔09 اپریل۔2016ء) یونائٹیڈ بزنس گروپ(یو بی جی )کے سیکریٹری جنرل زبیرطفیل ،ترجمان گلزار فیروز،ایف پی سی سی آئی کے سابق سینئرنائب صدرعبدالرحیم جانو،ڈاکٹر مرزااختیار بیگ اورمہتاب چاؤلہ نے کراچی میں ہونے والی ٹیکسٹائل سیکٹر کی نمائش"ٹیکسپو2016 "کے کامیاب ترین انعقادسے ملکی برآمدات پر نہ صرف مثبت اثرات مرتب ہونگے بلکہ بیرون ممالک خریدارایک بار پھر پاکستان آنے کو ترجیح دیں گے جسکا تمام تر کریڈٹ ٹڈاپ کے چیف ایگزیکٹو ایس ایم منیر،سیکریٹری رابعہ جویری آغا اور ٹڈاپ کے دیگر افسران کے سر ہے۔

یو بی جی رہنماؤں نے کہا کہ ٹڈاپ کی کارکردگی پر تنقید کرنے والوں کو کامیاب ترین ٹیکسٹائل نمائش کے انعقادپر سانپ کیوں سونگھ گیا،اب تنقید برائے تنقید کرنے والوں کی آنکھیں کھل جانی چاہئیں کیونکہ ٹیکسپو نمائش میں تقریباً60 ملکوں کے400 سے زائدغیر ملکی خریداروں کا کراچی آنا اور ایکسپورٹ کے آرڈرز بک کراناٹی ڈی اے پی یا ایس ایم منیر کی کامیابی نہیں بلکہ یہ موجودہ حکومت اور وزیراعظم میاں نوازشریف کی معاشی استحکام کیلئے دی گئی بہترین پالیسیوں کا ثمر ہے۔

(جاری ہے)

زبیرطفیل نے کہا کہ ٹیکسپو نمائش سے ٹیکسٹائل سیکٹر میں سرمایہ کار وں کیلئے سرمایہ کاری کے و سیع مواقع پیدا ہوں گے کیونکہ بیرون ممالک سے آنے والے خریداروں کی ملکی ٹیکسٹائل مصنوعات میں دلچسپی سے مصنوعات کو بڑے پیمانے پر تشہیر کا موقع مل رہا ہے جس سے ملکی برآمدات میں اضافہ ہوگا، ٹیکسپو کے انعقادنے میں آسٹریلیا،برازیل،چائنا،ہانگ کانگ،سری لنکا،نائجیریا،اردن، روس، سعودی عرب، ساؤتھ افریقہ،پولینڈ،ہالینڈ ،امریکا سمیت بیرونی دنیا کوبلاشبہ یہ بتادیا ہے کہ کراچی سمیت پاکستان پرامن ہے اور یہاں آزادی کے ساتھ خریداری کی جاسکتی ہے۔

یو بی جی کے ترجمان گلزار فیروزنے کہا کہ ملک بھر کی بزنس کمیونٹی کو ایس ایم منیر پر ناز ہے جنہوں نے ناعاقبت اندیشوں کی تنقیدوں کے باوجود ملک کے بہتر مفاد میں ایکسپورٹ کے مواقع فراہم کرنے کیلئے اپنا مشن جاری رکھا ہوا ہے اور آئندہ مہینوں میں120کے قریب ملکی وغیرملکی نمائشوں میں ٹڈاپ کے شرکت سے ملکی برآمدات کو مزید تقویت ملے گی اور پاکستانی برآمدات کے مخالفین کے منہ بند ہوجائیں گے۔

انہوں نے ٹیکسپو نمائش میں شرکت پر ٹی ایم اے،پریگمیا،کارپٹ ایسوسی ایشن،پی ایچ ایم اے،اسپورٹس گڈز ایسوسی ایشن،پی ٹی اے، پی ٹی ای اے،پلگمیا سمیت دیگرملکی ٹیکسٹائل ایسوسی ایشنزاور مشہور برانڈز گل احمد، چین ون، شبیر ٹیکسٹائل،فیشن پاکستان کونسل،ماسٹر ٹیکسٹائل، سفائر ٹیکسٹائل ملز،کوہ نور ٹیکسٹائل ملز،ریشماں ٹیکسٹائل،کالونی ٹیکسٹائل ملز، محمود گروپ،صورتی اینٹرپرائزر،ڈیجیٹل ڈورا، پرنٹس، ستارہ کمیکلز، میما لیدر، فیصل فیبرکس، گوہر ٹیکسٹائل ، دین انڈسٹریز، الکرم ٹاؤلز، باری ٹیکسٹائل ،افروز ٹاولز،حصام ٹاؤلز اور بل ایکسپورٹرزاوردیگر کا نمائش میں شرکت پر خراج تحسین پیش کیا اور اس امید کا اظہار کیا ہے کہ اس سے مستقبل قریب میں پاکستان کی تجارت کو فروغ ملے گا اور موجودہ حالات اور بالخصوص مختلف ممالک کی ٹریول ایڈوائس کے پیش نظر 400سے زائد غیرملکی وفود کا آنا خوش آئند ہے۔

متعلقہ عنوان :