عالمی بینک کی جانب سے سماجی شعبوں کی بہتری کیلئے وزیراعلیٰ شہبازشریف کے اقدامات کی تعریف

وزیراعلیٰ کی قیادت میں پنجاب حکومت نے قابل رشک اصلاحات متعارف کرائی ہیں‘کنٹری ڈائریکٹر عالمی بینک

ہفتہ 9 اپریل 2016 18:34

لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔09 اپریل۔2016ء) وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف سے پاکستان میں عالمی بینک کے کنٹری ڈائریکٹر پچا موتھو الانگو نے ملاقات کی۔ کنٹری ڈائریکٹر عالمی بینک نے پنجاب کے سماجی شعبوں کی بہتری کیلئے اقدامات کی تعریف کی اور کہا کہ وزیراعلیٰ شہبازشریف کی متحرک قیادت میں پنجاب حکومت نے کئی شعبوں میں قابل رشک اصلاحات متعارف کرائی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ صوبہ پنجاب کے عوام کیلئے فلاحی منصوبوں کی ریکارڈ مدت میں تکمیل وزیراعلیٰ شہبازشریف کی غیر معمولی کارکردگی اور انتھک محنت کا عکاس ہے اور وزیراعلیٰ شہبازشریف کی کارکردگی لائق تحسین ہے۔ وزیراعلیٰ شہباز شریف کا عوام کی فلاح و بہبود کیلئے ترقیاتی وژن قابل تعریف ہے اور پنجاب حکومت کی جانب سے سماجی شعبوں کی بہتری کے کاموں کی رفتار انتہائی اطمینان بخش ہے اور شہبازشریف سماجی شعبے کی بہتری کے لئے دن رات کام کر رہے ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے سانحہ گلشن اقبال پارک کی مذمت کرتے ہوئے قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر دکھ اور افسوس کا اظہار کیا۔ وزیراعلیٰ شہبازشریف نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ سانحہ گلشن اقبال پارک پنجاب کی تاریخ میں دہشت گردی کا ایک بدترین واقعہ ہے ۔ سفاک درندوں نے ایک تفریحی پارک میں معصوم بچوں، خواتین اور بزرگوں کو بربریت کا نشانہ بنایا اور اس المناک واقعہ پر ہر آنکھ اشکبار ہے۔ انہوں نے کہا کہ دہشت گردوں کا کوئی دین ہے نہ مذہب، یہ پوری انسانیت کے دشمن ہیں۔ہم سب کو مل کر دہشت گردی کے ناسور کو جڑ سے اکھاڑ پھینکنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ قائد کے پاکستان میں دہشت گردی اور انتہاپسندی کی کوئی گنجائش نہیں ۔ تحمل، برداشت، رواداری پر مبنی معاشرے کا قیام ہمارا مشن ہے۔

متعلقہ عنوان :