آئین کسی بھی جمہوری ملک کے لئے ایک مقدس دستاویز ہے

سپیکر سندھ اسمبلی سراج درانی کایوم دستور پر پیغام

ہفتہ 9 اپریل 2016 17:53

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔09 اپریل۔2016ء) سپیکر سندھ اسمبلی آغا سراج درانی نے یوم دستور کے موقع پر چیئرمین سینیٹ میاں رضا ربانی کو مبارک باد دیتے ہوئے کہاہے کہ آئین کسی بھی جمہوری ملک کے لئے ایک مقدس دستاویز ہے ۔ ہفتہ کواپنے پیغام میں انہوں نے کہاکہ اگست 1947 میں آزادی کے فوراً بعد متفقہ آئین بنانے کے لئے کوششیں کی گئیں تاکہ ملک کے معاملات کو جمہوری اندازمیں چلایا جاسکے لیکن یہ کوششیں بار آور ثابت نہ ہوئیں کیونکہ معاشرے کے تمام طبقات کو اس میں آن بورڈ نہیں لیا گیا تھا تاہم شہید ذوالفقار علی بھٹو کی قیادت میں مختلف سیاسی جماعتوں نے 1973ء کے آئین پر اتفاق کیا اور 10اپریل 1973ء کو اسے باقاعدہ طورپر اسمبلی سے منظور کرکے 12اپریل 1973ء کو صدر نے دستخط کئے ۔

(جاری ہے)

2008ء کے جمہوری انتخابات کے بعد پارلیمنٹ نے آمرانہ ادوار میں آئین میں لائی گئی ترامیم کے حوالے سے فیصلہ کیا کہ 1973ء کے آئین کی اصل روح اور اصلی حالت میں بحال کیا جائے ۔ سینیٹر میاں رضا ربانی کے زیر قیادت پارلیمانی کمیٹی برائے آئینی اصلاحات نے ایک تاریخی ترمیم ڈرافٹ کی جسے پارلیمنٹ نے متفقہ طورپر منظور کیا ۔قومی اسمبلی نے 18ویں آئینی ترمیم 8 اپریل 2010ء اور سینٹ نے اسے 15اپریل 2010ء کو متفقہ طوپر منظور کیا تھا جبکہ اس وقت کے صدر آصف علی زرداری نے 19اپریل 2010ء کو اس پر دستخط کئے ۔ ہمیں یہ دن پورے جوش و جذبے اور ولولے کے ساتھ منا نا چاہئے ۔

متعلقہ عنوان :