مقبوضہ کشمیر، کشمیری طلباء پر حملوں اور مزار شہداء کی بے حرمتی کے خلاف 12 اپریل کی مکمل ہڑتال کی کال

شہداء قبرستانوں کی بے حرمتی اور طلباء پر حملے ناقابل برداشت ہیں، سید علی گیلانی

ہفتہ 9 اپریل 2016 17:30

سرینگر ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔09 اپریل۔2016ء) مقبوضہ کشمیر میں کل جماعتی حریت کانفرنس کے چیئرمین سید علی گیلانی نے بھارت کی مختلف ریاستوں میں زیر تعلیم کشمیری طلباء کو مسلسل ہراساں کرنے اور ضلع پلوامہ کے علاقے کریم آباد میں مزارِ شہداء کی بے حرمتی کے خلاف 12 اپریل کو مقبوضہ علاقے میں مکمل ہڑتال کی کال دی ہے۔ کشمیر میڈیا سروس کے مطابق سید علی گیلانی نے سرینگر میں جاری ایک بیان میں کہا کہ سرینگر کے نیشنل انسٹی ٹیوٹ آف ٹیکنالوجی میں پیش آنے والے معمولی واقعہ کو بھارتی میڈیا اور فرقہ پرستوں نے جس طرح سے بڑھا چڑھا کر پیش کیا ہے، اس سے بھارت میں زیرِ تعلیم تمام کشمیری طلباء اور تاجروں کی سلامتی خطرے میں پڑھ گئی ہے اور ہندو فرقہ پرستوں نے ہر جگہ ان پر حملے کرنا شروع کردئے ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ کریم آباد میں مزارشہداء کی بے حُرمتی کو بھارتی فورسز کی کھلی دہشت گردی قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ اس طرح کی کارروائیاں قطعی طور پر ناقابل برداشت ہیں اور اسکے خلاف احتجاج کشمیریوں کا حق ہے۔ سید علی گیلانی نے کہا کہ بھارت کی مختلف ریاستوں میں زیرِ تعلیم کشمیری طلبا کو سالہاسال سے نہ صرف ہراساں اور پریشان کیا جارہا ہے، بلکہ بعض کو قتل تک کیا گیا اور بعض کو جھوٹے الزامات کے تحت جیلوں میں بھی ڈالا جاتا رہا ہے۔

انہو ں نے کہا کہ بھارتی حکومت نے اس سلسلے کو روکنے کیلئے آج تک کوئی سنجیدہ کوشش نہیں کی اور نہ ہی مقبوضہ علاقے کی قابض انتظامیہ نے اس حوالے سے اپنی ذمہ داریوں کو پورا کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ سرینگر کے این آئی ٹی میں جو واقع پیش آیا ہے، وہ بہت ہی معمولی نوعیت کا ہے اور اس میں کسی بھی بھارتی طالب علم کو کوئی گزند نہیں پہنچی ہے، البتہ اس کی آڑ میں بھارتی میڈیا اور فرقہ پرست جنونیوں نے پورے بھارت میں کشمیریوں کے خلاف ایک آگ لگائی ہے جس سے کشمیری طلباء اور کاروباری لوگوں کی سلامتی کو زبردست خطرات پیدا ہوگئے ہیں۔

سید علی گیلانی نے کہا کہ کشمیری طلباء کے مستقبل کو ایک منصوبہ بند سازش کے تحت تاریک بنانے کی کوشش کی جا رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ کریم آباد میں شہداء قبرستان کی بے حرمتی صرف ریاستی دہشت گردی کی بدترین مثال ہے، بلکہ یہ بداخلاقی کی بھی انتہا ہے۔ حریت چیئرمین نے زندگی کے تمام شعبوں سے وابستہ کشمیریوں سے اپیل کی کہ وہ 12اپریل کی ہڑتال کو بھرپور طریقے سے کامیاب بنائیں۔