محمد عامر 5سال بعد بھی بہترین پاکستانی باؤلر ہے :اظہر محمود

ہفتہ 9 اپریل 2016 16:41

محمد عامر 5سال بعد بھی بہترین پاکستانی باؤلر ہے :اظہر محمود

لاہور (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار ۔9اپریل 2016ء ) قومی ٹیم کے سابق آل راؤنڈر اظہر محمود کا کہنا ہے کہ محمد عامر 5سال کرکٹ سے دور رہنے کے باوجود اب بھی پاکستان کے بہترین باؤلر ہیں ۔ اپنے ایک بلاگ میں اظہر محمود کا کہنا تھا کہ محمد عامر 5سال پہلے بھی پاکستان کے بہترین باؤلر تھے اور اب بھی یہ اعزاز انہی کے پاس ہے جس کی وجہ سخت محنت اور کرکٹ سے جڑے رہنا ہے ،عامر کو اس درجے تک پہنچے کے لیے دیگر پاکستانی باؤلرز کی طرح کچھ زیادہ محنت نہیں کرنی پڑی ہے ۔

(جاری ہے)

اظہر محمود کہتے ہیں کہ عامر 5سا ل کرکٹ سے دور رہا لیکن وہ اب بھی ہمارے دیگر کئی باؤلر ز سے بہتر ہے ، اس کی کلائی کی پوزیشن کئی مختلف باؤلرز سے بہت بہتر ہے ۔قومی ٹیم کے سابق آل راؤنڈر نے دیگر باؤلرز کو آڑے ہاتھوں لیتے ہوئے کہا کہ وہ وقت کے ساتھ کچھ نہیں سیکھ رہے ہیں ، گزشتہ 5سالوں میں انہوں نے کیا کیا ہے ؟، اگر وہ خود کو تبدیل کرنا یا کچھ نیا نہیں سیکھنا چاہتے ہیں تو کوچز ان کی جگہ باؤلنگ کرانے نہیں جاسکتے ہیں ۔ 40سالہ آل راؤنڈر کا کہنا تھا کہ وہ باؤلرزکو صرف اپنا تجر بہ منتقل کرسکتے ہیں یا بتا سکتا ہوں تاہم اس کے بعد اس بات کا انحصار باؤلرز پر ہوتا ہے کہ وہ کس طرح ان منصوبوں کو عمل میں لاتے ہیں ۔