خیبرپختونخوا انڈر23 گیمز ، سوات ریجن میں انٹر ڈسٹرکٹ مقابلے اختتام پذیر

ہفتہ 9 اپریل 2016 16:36

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔09 اپریل۔2016ء) خیبرپختونخوا انڈر23 گیمز کے سلسلے میں سوات ریجن میں منعقدہ بوائز انٹر ڈسٹرکٹ مقابلے اختتام پذیر ان مقابلوں میں ضلع سوات کے کھلاڑیوں نے بہترین کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے پندرہ میں سے بارہ گیمز میں اول پوزیشن حاصل کرتے ہوئے 134 پوائنٹس حاصل کئے دیر لوئر 71 پوائنٹس کے ساتھ دوسرے جبکہ شانگلہ نے 36 پوائنٹس کے ساتھ تیسری پوزیشن حاصل کی ۔

اس موقع پر ڈائریکٹر سپورٹس طارق محمود مہمان خصوصی تھے جنہوں نے کھلاڑیوں میں انعامات تقسیم کئے ان کے ہمراہ ڈسٹرکٹ سپورٹس آفیسر سید ثقلین شاہ ، ذاکر الله ، اکاؤنٹس آفیسر امجد خان ، ڈسٹرکٹ سوات ہاکی ایسوسی ایشن کے صدر ملک ودان ،محمد صالح سمیت دیگر اہم شخصیات موجود تھیں ۔

(جاری ہے)

محکمہ کھیل خیبرپختونخوا کے زیر اہتمام انڈر 23 گیمز کے سلسلے میں سوات ریجن میں بوائز انٹر ڈسٹرکٹ مقابلوں کا انعقاد کیاگیا جس کے آخری روز بھی سوات کے کھلاڑی چھائے رہے ، ہاکی فائنل میں سوات نے دیر لوئر پنلٹی سٹروک کے ذریعے پانچ کے مقابلے چھ گول سے شکست دی دونوں ٹیموں کے درمیان مقررہ وقت تک ایک ایک گول سے برابر رہا جس کے بعد پنٹلٹی سٹروک پر فیصلہ کیاگیا اسی طرح کرکٹ کے فائنل میں سوات نے دیر لوئر کو 35 رنز سے شکست دی ، باسکٹ بال میں دیر اپر نے سوات کو 33 کے مقابلے 45 پوائنٹس سے ہرایا ، والی بال میں دیر لوئر نے ڈسٹرکٹ شانگلہ کو 25-12,25-17 اور25-19 سے شکست دیکر ٹائٹل اپنے نام کیا ۔

باکسنگ میں سوات نے 140 پوائنٹس کے ساتھ اول دیر لوئر نے 70 پوائنٹس کے ساتھ دوسری اور دیر اپر نے 40 پوائنٹس کے ساتھ تیسری پوزیشن حاصل کی ۔ فٹبال فائنل ضلع چترال اور سوات ٹیموں کے مابین کھیلاگیا جس میں سنسنی خیز مقابلے کے بعد سوات نے چترال کو پنلٹی شوٹ کے ذریعے تین چار سے شکست دی ، دونوں ٹیموں کے مابین میچ مقررہ وقت تک ایک ایک گول سے برابر رہا جس کے بعد پنلٹی شوٹ کے ذریعے سوات نے چترال کو تین کے مقابلے چار گول سے شکست دی ، ان مقابلوں میں ،مجموعی طورپر ضلع سوات کے کھلاڑی چھائے رہے جنہوں نے پندرہ میں سے بارہ گیمز میں پہلی پوزیشن حاصل کرتے ہوئے 134 پوائنٹس حاصل کئے دیر لوئر ایک گولڈ آٹھ سلور اور ایک براؤنز میڈلز جیت کر 71 پوائنٹس کے ساتھ دوسرے ڈسٹرکٹ شانگلہ ایک گولڈ تین سلور اور ایک براؤنز میڈلز جیت کر 36 پوائنٹس کے ساتھ تیسرے ، دیراپر ایک گولڈ دوبراؤنز میڈلز جیت کر 20 پوائنٹس کے ساتھ چوتھے جبکہ چترال کی ٹیم دو سلور میڈلز جیت کر 14 پوائنٹس کے ساتھ پانچویں نمبر پر رہی ۔