پاکستان ، بھارت تنازعہ کشمیر کے حل کیلئے ٹھو س اقدامات کریں ،این آئی ٹی معاملے کر بڑھا چڑھا کر پیش کیا جا رہا ہے، میر واعظ عمر فاروق

ہفتہ 9 اپریل 2016 13:24

سرینگر (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔09 اپریل۔2016ء) مقبوضہ کشمیر میں اے پی ایچ سی کے سربراہ میر واعظ عمر فاروق نے بھارت اور پاکستان پر زور دیا ہے کہ وہ تنازعہ کشمیر کو کشمیریوں کی خواہشات کے مطابق حل کرنے کیلئے ٹھو س اقدامات کریں۔ میر واعظ نے عوامی اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ دونوں ملکوں کی سیاستی قیادت کو تدبر اور بالغ نظری کا مظاہرہ کرتے ہوئے مسئلہ کشمیر کے حل کے سنجیدہ اقدامات کرنے چاہئیں۔

میر واعظ نے نیشنل انسٹیٹیوٹ آف ٹیکنالوجی میں پیش آنے والے واقعے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ بھارتی کی سیاسی جماعتوں اور میڈیا کی طرف سے اس معاملے کو بڑھا چڑھا کر پیش کیا جا رہاہے۔ انہوں نے کہا کہ کشمیر میں بھارتی طلبہ ہر لحاظ سے محفوظ ہیں ۔

(جاری ہے)

میر واعظ نے کہا کہ کچھ عناصر افسوسناک واقعے کی آڑ میں این آئی ٹی سرینگر کو دوسری جگہ منتقل کرنا چاہتے ہیں جس میں وہ کسی بھی طرح کامیاب نہیں ہونگے۔

میرواعظ نے کہا کہ این آئی ٹی کے معاملے پر سستی سیاست کرنے والے لوگ اس وقت کہاں تھے جب راجستھان ،میرٹھ اور بھارت کے دیگر شہروں کے تعلیمی اداروں میں زیر تعلیم کشمیری طلبہ کو مارا پیٹا اور کالجوں سے بے دخل کیا جا رہا تھا۔ میرواعظ نے این آئی ٹی اور کشمیر کے دیگر تعلیمی اداروں میں زیر تعلیم بھارتی ریاستی طلبہ پر زور دیا کہ وہ موقعہ پرستوں کا آلہ کار بننے کے بجائے اپنی تعلیم پر توجہ دیں۔ میرواعظ نے این آئی ٹی ، کشمیریونیورسٹی اور دیگر تعلیمی اداروں میں زیر تعلیم کشمیری طلبہ کے صبر و تحمل اور رواداری کے مظاہرے کو قابل تحسین قرار دیتے ہوئے کہا کہ ناخوشگوار ماحول کے باوجود جس طرح کشمیری طلبہ نے انتہائی صبر و ضبط کا مظاہرہ کیا وہ لائق تحسین ہے۔