مقبوضہ کشمیر ، قبرستان کی بے حرمتی کیخلاف پلوامہ میں مظاہرے ،آسیہ اندرابی، یاسین ملک و دیگر کی مذمت

ہفتہ 9 اپریل 2016 13:24

سرینگر (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔09 اپریل۔2016ء) مقبوضہ کشمیر میں ضلع پلوامہ کے علاقے کریم آباد میں لوگوں نے نامعلوم افراد کے ہاتھوں شہداء کے ایک قبرستان کی بے حرمتی کیخلاف زبردست احتجاجی مظاہرے کئے۔ اطلاعات کے مطابق کریم آباد کے رہائشیوں نے جمعہ کی صبح جب قبرستان میں شہداء کی بیسیوں قبروں کو توڑ پھوڑ کی حالت میں پایا تو ان میں شدید اشتعال پھیل گیا۔

لوگوں کا کہنا ہے کہ قبروں کی توڑ پھوڑ میں بھارتی فورسز کے اہلکار ملوث ہیں۔ گزشتہ ہفتے بھارتی فوجیوں نے علاقے میں دو کشمیری نوجوان شہید کر دیے تھے جن کے اجساد خاکی اسی قبرستان میں دفن کیے گئے تھے۔ مقامی اوقاف کمیٹی کے رکن غلام نبی گلستان کا کہنا تھا کہ کی قبرستان میں بڑے پیمانے پر تباہی کی گئی ہے اور شہداء کی قبروں کے کتبے توڑ دیے گئے ہیں ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ قبرستان کی بے حرمتی انتہائی قابل مذمت ہے اور جس نے بھی یہ کام کیا ہے اسے پھانسی دی جانی چاہیے۔ احتجاجی مظاہرین نے قبروں کی بے حرمتی میں ملوث عناصر کو فوری طور پر گرفتار کر کے سخت سزا دینے کا مطالبہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ اگر انکا مطالبہ دس روز کے اندر پورا نہیں کیا گیا توپلوامہ قصبے میں مکمل ہڑتا ل کی جائے گی۔ دریں اثنا دختران ملت کی چیئرپرسن آسیہ اندرابی نے سرینگر میں جاری ایک بیان میں قبرستان کی بے حرمتی کی شدید مذمت کی ۔

انہوں نے کہا کہ یہ مذموم حرکت بھارتی فورسز نے کی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ مجاہدین کے ساتھ کشمیری عوام کا والہانہ لگاؤ اور شہداء کے جنازوں میں ہزاروں کی تعداد میں کشمیریوں کی شرکت سے بھارتی فورسز بوکھلاہٹ کا شکار ہیں اور شہداء کی قبروں کی بے حرمتی اسی کا نتیجہ ہے۔ جموں کشمیر لبریشن فرنٹ کے چیئرمین محمد یاسین ملک ، جموں وکشمیر ماس موومنٹ کی سربراہ فریدہ بہن جی، محمد شفیع ریشی اور جماعت اسلامی مقبوضہ کشمیر نے بھی مزار شہداکی بے حرمتی اورقبروں پر نصب کتبوں کی توڑ پھوڑ کی سخت مذمت کی ہے۔ انہوں نے سرینگر میں جاری بیانات میں کہاکہ اس مذموم عمل سے ثابت ہوا ہے کہ بھارتی فورسز انسانی اقدار اور تہذیب سے عاری ہو چکی ہیں۔

متعلقہ عنوان :