امریکی وزیرخارجہ غیراعلانیہ دورے پر عراق پہنچ گئے،وزیراعظم العبادی سے ملاقات

جان کیری نے عراقی وزیراعظم سے سکیورٹی، اقتصادی اور ٹیکنوکریٹ حکومت کے قیام کے حوالے سے پائی جانے والی سیاسی بے چینی پر گفتگو کی

جمعہ 8 اپریل 2016 21:04

بغداد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔08 اپریل۔2016ء) امریکی وزیر خارجہ غیر اعلانیہ دورے پر عراقی دارالحکومت پہنچ گئے ، ان کے دورے کا بڑا مقصد سیاسی و مالیاتی بحران کی شکار العبادی حکومت کی بھرپور حمایت کرنا ہے۔غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق جمعہ کوامریکی وزیر خاجہ جان کیری ایک غیر اعلانیہ دورے پرعراق پہنچے اپنے اِس دورے کے دوران انہوں نے کئی اہم عراقی اور کرد رہنماوٴں سے ملاقاتیں کیں، ان میں عراقی وزیراعظم حیدر العبادی کے علاوہ اْن کی کابینہ کے وزیر خارجہ ابراہیم الجعفری شامل ہیں،امریکی وزارت خارجہ کے ترجمان جان کیربی کا کہنا تھا کہ کیری نے عراقی دارالحکومت میں ملکی قیادت کے ساتھ ملاقات میں بھرپور امریکی امداد و حمایت کا اعادہ کیا ۔

انتہائی سکیورٹی والے علاقے گرین زون میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ عراق ایک انتہائی مشکل وقت سے گزر رہا ہے اور بغداد حکومت کو امریکی تعاون و امداد کی ضرورت ہے اور ایسے میں عراق کو تنہا چھوڑا گیا تو سارا ملک افراتفری کا شکار ہو سکتا ہے۔

(جاری ہے)

امریکی وزارت خارجہ کے مطابق عراق میں رونما ہونے والی سیاسی و عسکری تبدیلیوں کے تناظر میں جان کیری نے العبادی حکومت کے ساتھ سکیورٹی، اقتصادی اور ٹیکنوکریٹ حکومت کے قیام کے حوالے سے پائی جانے والی سیاسی بے چینی پر بھی گفتگو کی۔

حیدرالعبادی کو غیر سیاسی و مذہبی اشرافیہ کی جانب مسلسل دباوٴ کا سامنا ہے کہ وہ کرپشن کے خلاف موٴثر اقدامات کرنے کے لیے ہر ممکن اقدامات کریں۔ اسی سلسلے میں العبیادی نے ٹیکنوکریٹ پر مشتمل کابینہ تشکیل دے تو دی ہے لیکن وہ ابھی پارلیمنٹ کی منظوری کی منتظر ہے۔امریکی وزیر خارجہ نے وزیراعظم حیدرالعبادی کی اْن کوششوں کو مضبوط کرنے کا عندیہ ہے، جن کا مقصد سن 2003 کے بعد سے حکومت میں رہنے والے وزراء سے نجات سے متعلق ہے۔

یہ وزراء گزشتہ تیرہ برسوں سے حکومت میں شریک ہیں اور اب ان میں سے کئی ایک کو کرپشن کے سنگین الزامات کا سامنا ہے۔ امریکی حکومتی حلقوں کا خیال ہے کہ العبادی کی کوششوں سے عراق کے ہیوی ویٹ وزراء ملکی سلامتی کے لیے عدم استحکام کا باعث بن سکتے ہیں اور اگر ایسا ہو گیا تو ’اسلامک اسٹیٹ‘ کے خلاف عراقی فوج کے عسکری آپریشن کو ناقابلِ تلافی نقصان پہنچے گا۔ ابھی گزشتہ ہفتے کے دوران امریکی عسکری اتحاد کی فضائی مدد کے ساتھ عراقی فوج نے الانبار صوبے کے شہر الھیت کے کئی علاقوں پر قبضہ کر کے اسلامک اسٹیٹ‘ کو مزید پیچھے دھکیل دیا ہے۔

متعلقہ عنوان :