Live Updates

عوام عمران خان کا خطاب سرکاری ٹی وی پر سننا چاہتی ہے،حلیم عادل شیخ

پی ٹی آئی حکومت کو گھر بھیج کر ہی دم لے گی کیونکہ قوم کو لیڈروں کی ضرورت ہے لٹیروں کی نہیں، رہنما تحریک انصاف

جمعہ 8 اپریل 2016 21:02

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔08 اپریل۔2016ء) پاکستان تحریک انصاف کے رہنما حلیم عادل شیخ نے کہا ہے کہ وزیراعظم خود کو قوم کے سامنے جواب دہ نہیں سمجھتے اس کے برعکس عمران خان نے خود کو احتساب کے لیے پیش کرکے عوامی لیڈر ہونے کا ثبوت دیاہے ان کے اسمبلی میں خطاب کو سرکاری ٹی وی سے جان بوجھ کر دوررکھا گیا،پیپلزپارٹی کے چیئرمین کے مطابق اپوزیشن لیڈر خورشید شاہ ہیں مگر عمران خان قومی لیڈر ہیں اس لیے انہیں سرکاری ٹی وی (پی ٹی وی ) پرخطاب کا موقع ملنا چاہیے،حکومت خود اپنی پگڑی اچھال رہی ہے اس بار پی ٹی آئی سڑکوں پر نکلی تو حکومت کو گھر بھیج کر ہی دم لے گی کیونکہ قوم کو لیڈروں کی ضرورت ہے لٹیروں کی نہیں،جس کے لیے ضروری ہے کہ وزیراعظم اپنے خاندان کی کمپنیوں کا آڈٹ کراکر خودکو بے گناہ ثابت کریں،نواز لیگ نے خودکوبچانے کے لیے تحریک انصاف کے فلاحی خدمت پر مامور اداروں پر الزام تراشیاں کیں جس سے عوام کی ناراضگی میں مزید اضافہ ہوا ہے اس بار یہ لوگ چاہے جوڈیشل کمیشن بنائیں یا پھر کوئی انکوائری کمیشن بنائیں استعفیٰ تو ان کو دینا ہی پڑے گا۔

(جاری ہے)

ان خیالات کا اظہار انہوں نے عادل ہاؤس سے جاری بیان میں کیا۔حلیم عادل شیخ نے کہا کہ دیکھا جائے تو یہ ایک عالمی نوعیت کا معاملہ ہے اس بارحکومت کی جانب سے کسی بھی قسم کا اعتراض کرنے کا جواز ہی نہیں بنتا اس کے باجود وزیراعظم کا یہ حوصلہ ہے کہ وہ قوم کا پیسہ واپس کرنے کی بجائے میٹنگوں پر میٹنگیں بلارہے ہیں کہ کسی طرح سے وہ اور اس کے خاندان کے افراد بچ نکلنے میں کامیاب ہوجائیں،۔

انہوں نے کہا کہ پانامہ لیکس کے انکشافات کے بعد نوازلیگ کی حکومت کو اخلاقی جرات کا مظاہرہ کرنا چاہیئے تھامگر انہوں نے اپنے ناجائز اثاثہ جات پر پردہ ڈالنے کے لیے مرضی کا کمیشن بنانے کی کوشش کی۔انہوں نے کہا کہ اس بار بھی شریف برادران ماڈل ٹاؤن طرزکا کمیشن بناکر بچ نکلنے کاخواب دیکھ رہے ہیں جس انداز میں ماضی کے جوڈیشل کمیشنوں نے قوم کومایوس کیاہے اس پر ان کے بنائے گئے نئے کمیشن سے کیا توقع رکھی جاسکتی ہے۔

Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات