کمشنر راولپنڈی نے 225قریب سکولوں میں سکیورٹی گارڈز اور اسلحہ خریداری کی منظوری دیدی

سکول اسلحہ اپنی سکول کونسل کے ذریعے خریدیں گے ، ادائیگی بذریعہ چیک کی جائے گی کسی پرائیوٹ جگہ سے خریداری نہیں کی جا سکے گی `

جمعہ 8 اپریل 2016 20:14

راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔08 اپریل۔2016ء) وزیر اعلیٰ پنجاب کی جانب سے پنجاب بھر کی طرح راولپنڈی کے تمام سکولوں میں 10اپریل تک جدید اسلحہ سے لیس سکیورٹی گارڈز کی تعیناتی یقینی بنانے کی آخری وارننگ کے بعد کمشنر راولپنڈی نے راولپنڈی کے 225قریب بوائز و گرلز سکولوں میں سکیورٹی گارڈز اور اسلحہ کی خریداری کی منظوری دے دی ہے جس کے بعد تمام سکولوں کے لئے اسلحہ لائسنس لازمی قرار دیتے ہوئے پہلے سے موجوداسلحہ لائسنس بھی طلب کر لئے گئے ہیں جبکہ سرکاری طور پر بجٹ جاری ہونے کے بعد سکولوں کو مطلوبہ فنڈز کی فراہمی بھی شروع کر دی گئی ہے جس سے سکول کونسلوں کے ذریعے اسلحہ کی فوری خریداری یقینی بنائی جائے گی ذرائع کے مطابق وزیر اعلیٰ پنجاب کی جانب سے سخت ہدایات کے بعدسکول گارڈز کی بھرتی کے لئے پاک فوج اور رینجرز کے سابق ملازمین کو 9اپریل کوای ڈی او ایجوکیشن کے دفتر لیاقت باغ میں طلب کر لیا گیا ہے جہاں پر ان کی سروس اور اسلحہ چلانے کے تجربے کو مدنظررکھتے ہوئے اسی روز امیدواروں کو فائنل کیا جائے گا جس کے بعد انہیں اسلحہ چلانے کی ایک روزہ تربیت دی جائے گی ذرائع کے مطابق ہر سکول کو ڈیڑھ لاکھ روپے تک کی مالیت کی جدید آٹومیٹک گن فراہم کی جائے گی اس ضمن میں سکولوں کی انتظامیہ کو ہدائیت کی گئی ہے کہ جن سکولوں کے پاس اسلحہ لائسنس نہیں وہ فوری طور پرلائسنس حاصل کریں ذرائع کے مطابق سکول اپنا اسلحہ اپنی سکول کونسل کے ذریعے خریدیں گے جس کی ادائیگی بذریعہ چیک کی جائے گی جبکہ کسی بھی پرائیوٹ جگہ سے خریداری نہیں کی جا سکے گی ۔

متعلقہ عنوان :