پنجاب حکومت کا سٹیزن فیڈ بیک ماڈل عالمی سطح پر مقبول ہو چکا ہے‘ ڈاکٹر عمر سیف

صوبے کے ہر ڈویژن میں ایسا ای خدمت مرکز قائم کیا جا رہا ہے‘ انسٹی ٹیوٹ آف نیشنل مینجمنٹ پشاور کے زیرِ تربیت سینئر افسران کے لئے ارفع آئی ٹی ٹاور میں منعقدہ تربیتی ورکشاپ سے خطاب

جمعہ 8 اپریل 2016 19:17

لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔08 اپریل۔2016ء) چیئرمین پنجاب آئی ٹی بورڈ ڈاکٹر عمر سیف نے کہا ہے کہ سرکاری محکموں سے رشوت ستانی کے خاتمے کے لئے شروع کیا گیا پنجاب کا سٹیزن فیڈ بیک ماڈل دیگر ممالک میں بھی مقبول ہو رہا ہے جسے حال ہی میں یورپی ملک البانیہ نے اپنے ہسپتالوں میں رائج کیا ہے جبکہ ورلڈ بینک اسے رومانیہ میں بھی رائج کر رہا ہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے گذشتہ روز انسٹی ٹیوٹ آف نیشنل مینجمنٹ پشاور کے زیرِ تربیت سینئر افسران کے لئے ارفع آئی ٹی ٹاور میں منعقدہ ایک تربیتی ورکشاپ کے دوران کیا۔ورکشاپ میں30اعلیٰ افسران نے شرکت کی جنہیں پی آئی ٹی بی کے ڈائریکٹر جنرل وقار نعیم قریشی، سٹیزن فیڈ بیک کے پروگرام ڈائریکٹر حسنین اقبال ، ای۔

(جاری ہے)

خدمت مراکز کے ڈائریکٹر محمد وسیم بھٹی اور سٹیزن کنٹیکٹ سنٹر کے جائنٹ ڈائریکٹر عامر منصف نے بریفنگ دی۔

ڈاکٹر عمر سیف نے کہا کہ سٹیزن فیڈ بیک پروگرام کے تحت وزیر اعلیٰ محمد شہباز شریف روبو کال کے ذریعے خود شہریوں سے دریافت کرتے ہیں کہ جس سرکاری دفتر میں وہ کام کے لئے گئے تھے وہاں کسی نے ان سے رشوت تو نہیں لی یا دیگر ناجائز حربے تو استعمال نہیں کیے؟۔ انہوں نے کہا کہ اس طرح شہریوں کی موصول ہونے والی شکایات پر اب تک5ہزار سے زائد سرکاری ملازمین کے خلاف تادیبی کارروائی عمل میں لائی جا چکی ہے۔

انہوں نے کہا کہ راولپنڈی، سرگودھا اور لاہور میں قائم ہونے والے ای۔خدمت مراکز شہریوں کو بغیر کسی سفارش اور رشوت کے خدمات فراہم کر رہے ہیں جہاں اب تک 50ہزار سے زائد درخواستوں پر عمل کیا جا چکا ہے اور شہری اس منصوبے پر اعتماد کا اظہار کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب کے ہر ڈویژن میں ایسا ای۔خدمت مرکز قائم کیا جا رہا ہے۔یہاں ڈومی سائل، شناختی کارڈ، ڈرائیونگ لائسنس سمیت پندرہ سے زائد شہری خدمات کمپیوٹرائزڈ طریقے سے فراہم کی جا رہی ہیں۔

ڈاکٹر عمر سیف نے کہا کہ پی آئی ٹی بی کے سٹیزن کنٹیکٹ سنٹر میں ضلعی حکومتوں، ہسپتالوں، ریسکیو، آبپاشی، زراعت، حج اور پولیس کی متعدد ہیلپ لائینیں حکومت اور شہریوں کے مابین فاصلے کم کرنے کے لئے کوشاں ہیں۔ مہمان افسروں نے پی آئی ٹی بی کے منصوبوں کو سراہا اور تربیتی ورکشاپ کو بہت مفید قرار دیا۔

متعلقہ عنوان :