قومی اسمبلی کا اجلاس کورم پورا نہ ہونے پر منگل کی صبح تک ملتوی کر دیا گیا

جمعہ 8 اپریل 2016 19:03

اسلام آباد ۔ 8 اپریل (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔08 اپریل۔2016ء) قومی اسمبلی کا اجلاس کورم پورا نہ ہونے پر ملتوی کر دیا گیا۔ جمعہ کو ڈپٹی سپیکر مرتضیٰ جاوید عباسی نے جمعہ کی نماز کے وقفہ کے بعد اجلاس کا آغاز کیا تو تحریک انصاف کے اراکین ڈاکٹر شیریں مزاری، غلام سرور خان، مراد سعید سمیت کوئی بھی رکن ایوان میں موجود نہیں تھا جبکہ ان اراکین نے پاناما لیکس پر جاری بحث میں حصہ لینا تھا اور 7 اراکین کی وجہ سے ہی اجلاس جمعہ کے بعد منعقد کرنے کا فیصلہ کیا گیا تاہم پی ٹی آئی کا کوئی رکن نہ آیا۔

(جاری ہے)

بعد ازاں شہریار آفریدی ایوان میں آئے اور انہوں نے بحث میں حصہ لیا جبکہ حکومتی اراکین میاں عبدالمنان، چوہدری اشرف اور ڈاکٹر عباد الله کے علاوہ نعیمہ کشور خان نے بھی بحث میں حصہ لیا۔ اس دوران مولانا فضل الرحمان ایوان میں آئے۔ انہوں نے خالی ایوان دیکھ کر کورم کی نشاندہی کر دی۔ گنتی کرنے پر ایوان میں اس وقت صرف 10 سے بھی کم اراکین موجود تھے جس پر ڈپٹی سپیکر نے اجلاس منگل کی صبح ساڑھے 10 بجے تک ملتوی کر دیا۔

متعلقہ عنوان :