Live Updates

خیبر پختونخوا میں مہینے میں ایک درخت لگا کر عمران خان چھانگا مانگا بنانے کی بات کرتے ہیں، سرکاری شعبہ کے ترقیاتی پروگرام کا 85 فیصد صرف ہی نہیں ہو سکا، صوبائی حکومت سیاسی نابالغ چلا رہے ہیں، صوبائی حکومت کی جانب سے مالاکنڈ میں کسٹم ایکٹ کا نفاذ یہاں کے لوگوں پر ظلم ہے

مسلم لیگ (ن) کے رکن ڈاکٹر عباد الله کا قومی اسمبلی میں اظہار خیال

جمعہ 8 اپریل 2016 19:01

اسلام آباد ۔ 8 اپریل (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔08 اپریل۔2016ء) مسلم لیگ (ن) کے رکن ڈاکٹر عباد الله نے کہا ہے کہ خیبر پختونخوا میں مہینے میں ایک درخت لگا کر عمران خان چھانگا مانگا بنانے کی بات کرتے ہیں جبکہ سرکاری شعبہ کے ترقیاتی پروگرام کا 85 فیصد صرف ہی نہیں ہو سکا۔ صوبائی حکومت سیاسی نابالغ چلا رہے ہیں، نواز شریف مالاکنڈ کا دورہ کر کے یہاں کے لئے ترقیاتی پیکیج کا اعلان کریں۔

صوبائی حکومت کی جانب سے کسٹم ایکٹ کا نفاذ یہاں کے لوگوں پر ظلم ہے۔ جمعہ کو قومی اسمبلی میں نکتہ اعتراض پر مسلم لیگ (ن) کے رکن ڈاکٹر عباد الله نے کہا کہ کے پی کے میں سیاسی نابالغوں کی حکومت تھی، منصوبہ بندی نہ ہونے کی وجہ سے سرکاری شعبہ کے ترقیاتی پروگرام کی کثیر رقم صرف ہی نہیں ہو سکی۔

(جاری ہے)

عمران خان ایک پودا لگا کر صوبہ کو چھانگا مانگا بنانے کی بات کرتے ہیں۔

یہاں لوگ مر رہے ہیں۔ ہر ضلع میں آج بھی گھوسٹ سکول موجود ہیں، عمران خان پانچ ماہ بعد ایوان میں آئے، ان کی توجہ وزارت عظمیٰ پر ہے۔ وہ کبھی وزیراعظم نہیں بن سکتے۔ ڈاکٹر عباد الله نے کہا کہ کسٹم ایکٹ صوبائی حکومت کی طرف سے لاگو کرنا یہاں کے لوگوں سے زیادتی ہے۔ پی ٹی آئی اپنے صوبے پر توجہ دے۔ شانگلہ میں وفاق کی مدد سے دو سکول اور چار بنیادی مراکز صحت بنوائے تاہم یہاں پر اساتذہ صوبائی حکومت نے نہیں دیئے۔

پی ٹی آئی صوبے میں کام کرے، وہاں توجہ دے، لوگوں کے مسائل حل کرے، سیلاب سے میرے حلقہ میں 20 لوگ جاں بحق ہوئے، درجنوں گھر تباہ ہوئے، شاہراہیں بند ہیں، عمران خان یا صوبائی حکومت نے یہاں دورہ کرنا گوارہ نہیں کیا۔ وزیراعظم سے اپیل کرتے ہیں کہ وہ یہاں کا دورہ کریں، لوگوں کے مسائل حل کریں۔

Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات