تاپی گیس پائپ لائن کمپنی لمیٹیڈ کے شراکت داروں کے درمیان سرمایہ کاری کا معاہدہ طے پاگیا، معاہدے پر دستخط کرنے کی تقریب میں ترکمانستان، افغانستان، پاکستان اور بھارت کے وزرائے پٹرولیم و سینئر حکام کی شرکت

جمعہ 8 اپریل 2016 18:56

اسلام آباد ۔ 8 اپریل (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔08 اپریل۔2016ء) تاپی گیس پائپ لائن کمپنی لمیٹیڈ کے شراکت داروں کے درمیان سرمایہ کاری کا معاہدہ طے پا گیا۔ معاہدے پر دستخط کرنے کی تقریب جمعہ کو ترکمانستان میں منعقد ہوئی جس میں ترکمانستان، افغانستان، پاکستان اور بھارت کے وزرائے پٹرولیم و سینئر حکام کے علاوہ ایشیائی ترقیاتی بینک کے حکام نے بھی شرکت کی۔

ایشیائی ترقیاتی بینک کی جانب سے جاری ایک اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ اس معاہدہ کے نتیجے میں پاکستان کو طویل المدتی بنیادوں پر قدرتی گیس کی سپلائی کی راہ ہموار ہو گی جس سے ملک کو اپنے توانائی کے مسائل پرقابو پانے میں مدد ملے گی۔ سرمایہ کاری معاہدہ کے تحت تاپی گیس پائپ لائن منصوبہ کے دوسرا مرحلہ کیلئے 20کروڑ ڈالر سے زائد کا ابتدائی بجٹ فراہم کیا جائے گا، معاہدہ میں انجینئرنگ اور روٹ سروے، ماحولیاتی اور سماجی تحفظ سے متعلق سٹڈیز اور خریداری و فنانسنگ سے متعلق سرگرمیاں شامل ہیں۔

(جاری ہے)

پاکستان کے وزیر مملکت برائے پٹرولیم و قدرتی وسائل جام کمال خان نے اس حوالے سے کہا کہ تاپی منصوبہ کے ذریعے ترکمانستان سے 13.8ارب مکعب میٹر گیس پاکستان کو سپلائی ہوگی جس سے پاکستان میں توانائی کی بڑھتی ہوئی طلب کو پورا کرنے میں مدد ملے گی اس سے ملک کی انرجی سیکیورٹی بڑھے گی، اقتصادی سرگرمیوں کو فروغ ملے گا اور متعلقہ انفراسٹرکچر کو ترقی ملے گی جس کے نتیجے میں لوگوں کیلئے روزگار کے مواقع بڑھیں گے۔

ایشیائی ترقیاتی بینک کے وسطی اور مغربی ایشیاء کے لئے ڈائریکٹر جنرل سین او سلیوان نے اس موقع پر کہا کہ تاپی منصوبہ ایشیائی ترقیاتی بینک کے علاقائی تعاون کو فروغ دینے میں اہم کردار کا عکاس ہے۔ اس سے اقتصادی مواقع کھلیں گے، انفراسٹرکچر بہتر ہو گا اور توانائی کی مارکیٹ پھیلے گی جس کے نتیجے میں خطے کیلئے انرجی سیکیورٹی بڑھے گی۔