اندرونی معاملات میں کھلی مداخلت کی وجہ گرتی برآمدات ہیں،میاں زاہد حسین

آئی ایم ایف کی جانب سے ترقیاتی بجٹ میں 360 ارب کی کمی کی ہدایت تشویشناک ہے،صدر کراچی انڈسٹریل الائنس

جمعہ 8 اپریل 2016 18:21

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔08 اپریل۔2016ء) پاکستان بزنس مین اینڈ انٹلیکچولز فور م وآل کراچی انڈسٹریل الائنس کے صدر ،بزنس مین پینل کے سینیئر وائس چیئر مین اور سابق صوبائی وزیر میاں زاہد حسین نے آئی ایم ایف کی جانب سے بجٹ خسارے میں کمی کیلیئے ترقیاتی بجٹ میں 360 ارب روپے کی کمی کی ہدایت پر تشویش ظاہر کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس سے سماجی شعبہ بری طرح متاثر ہو گا۔

انھوں نے کہا کہ ترقیاتی بجٹ میں 24 فیصدکٹوتی ملکی مفاد میں نہیں کیونکہ اس سے غربت بڑھے گی اسلیئے آئی ایم ایف کی تجویز رد کر دی جائے اوربجٹ خسارہ کم کرنے کیلیئے دیگر اقدامات کیئے جائیں۔ میاں زاہد حسین نے یہاں جاری ہونے والے ایک بیان میں کہا کہ ترقیاتی بجٹ کو 1.51 کھرب روپے سے کم کر کے 1.15 کھرب کرنا بدقسمتی ہو گی۔

(جاری ہے)

اسی طرح پبلک سیکٹر ڈویلپمنٹ پروگرام، سالانہ ترقیاتی منصوبہ اور گرانٹس میں کمی تشویشناک ہے۔

انھوں نے کہا کہ ملک کو یہ دن برآمدات کے محاذ پر مسلسل پسپائی کی وجہ سے دیکھنا پڑا ہے کہ آج بین الاقوامی ادارے حکومت کو ترقی کا عمل روکنے کا حکم دے کر اندرونی معاملات میں کھلی مداخلت کر رہے ہیں۔ برآمدات کا شعبہ مسلسل زوال پذیر ہے جسے بہتر بنانے کیلیئے عملی اور معنی غیر اقدامات کے بجائے بلند بانگ دعوے کیئے جا رہے ہیں۔ ٹی ڈیپ ایک ناکارہ ادارہ بن چکا ہے جو بے معنی نمائشیں منعقد کر کے اربوں ڈالر کے ایکسپورٹ آرڈر ملنے کے ایسے دعوے کرتا ہے جن میں کوئی حقیقت نہیں اگر ان دعووں کو صحیح تسلیم کر لیا جائے توپاکستان کی ایکسپورٹ اب تک کئی سو ارب ڈالر کی ہو چکی ہوتیں۔

میاں زاہد حسین نے کہا کہ ایکسپورٹ سیکٹر کی بحالی کیلیئے منصوبہ بنایا جائے، توانائی کی قیمت کم اور مسلسل سپلائی یقینی بنائی جائے، برآمدکنندگان کوعرصہ دراز سے پھنسے ہوئے ریفنڈ ادا کیئے جائیں اور نئی منڈیاں تلاش کی جائیں۔ اسکے علاوہ ٹی ڈیپ کی مکمل ری اسٹرکچرنگ کر کے اس سے نیم خواندہ اوردہری شہریت کے حامل افراد کو نکال کر پڑھے لکھے، اچھی شہرت کے حامل اور تجربہ کار افراد تعینات کیئے جائیں جنھیں ملکی اور بین الاقوامی منڈی کی صورتحال کا کچھ اندازہ ہو جس کی بنیاد پر وہ ملکی برآمدات بڑھانے میں فعال کردار ادا کرسکیں۔

انھوں نے کہا کہ سرکاری فنڈز سے کیئے جانے والے غیر ملکی دوروں کومخصوصگروپ کے وفاداروں کونوازنے کے لیئے استعمال کرنے کے بجائے حقیقی ایکسپورٹرز کو موقع دیا جائے تاکہ وہ ملک و قوم کی ترقی میں اپنا کردار ادا کر سکیں۔ میاں زاہد حسین کے مطابق ٹی ڈیپ جب تک سیاسی اکھاڑہ بنا رہے گا برآمدات گرتی رہینگی۔