ٹیوٹاپنجاب نے اساتذہ کو جدید تربیت فراہم کرنے کیلئے پاکستان ائر فورس سے معاہدہ کرلیا

جمعہ 8 اپریل 2016 17:58

لاہور۔8 اپریل(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔08 اپریل۔2016ء ) ٹیکنیکل ایجوکیشن اینڈ ووکیشنل ٹریننگ اتھارٹی (ٹیوٹا)پنجاب نے اساتذہ کو جدید تربیت فراہم کرنے کیلئے پاکستان ائر فورس سے معاہدہ اور مفاہمتی یادداشت کے سمجھوتے پر دستخط کر دئے جس کے مطابق گورنمنٹ سٹاف ٹریننگ کالج مری میں تربیتی سہولتوں کو مزیدبہتر اور نئے بھرتی کئے گئے 500اساتذہ اور پرنسپل صاحبان کو ٹریننگ فراہم کی جائے گی۔

ٹیوٹا اور ائر فورس کے مابین معاہدے اور مفاہمتی یادداشت کے سمجھوتے پر چیئر پرسن ٹیوٹا عرفان قیصر شیخ اور اسسٹنٹ چیف آف ائر سٹاف (ٹریننگ) کموڈور ساجد محمود اعوان نے دستخط کئے۔اس موقع پرڈائریکٹر فیلڈ ٹریننگ گروپ کیپٹن عاطف سلطان، ڈائریکٹر ٹیچرز ٹریننگ انسٹی ٹیوٹ ونگ کمانڈر سادات اور دونوں اداروں کے افسران نے شرکت کی۔

(جاری ہے)

تقریب کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے عرفان قیصر شیخ نے کہا کہ وزیر اعلی پنجاب محمد شہباز شریف کی زیر صدارت اجلاس کے دوران پاکستان ائر فورس کی اعلی تربیت معیار کے باعث ٹیوٹاحکام کو گورنمنٹ سٹاف ٹریننگ کالج مری انکے حوالے کرنے کے احکامات کئے تھے۔

ان احکامات پر عمل درآمد کرتے ہوئے ٹیوٹا اپنے ادارے کے انتظامی امور پانچ سال کیلئے ائر فورس کے حوالے کر رہی ہے جس میں سٹاف کی مینجمنٹ، ادارہ، بلڈنگ، فرنیچر و مشینری وغیر ہ کا کنٹرول بھی شامل ہے۔گورنمنٹ سٹاف ٹریننگ کالج مری کی نگرانی 8ممبران پر مشتمل بورڈ آف مینجمنٹ کرے گا جس کے سربراہ چیئر پرسن ٹیوٹا جبکہ ممبران میں دونوں ڈیپارٹمنٹ کے افسران شامل ہونگے۔

پاکستان ائر فورس ادارے کی مشینری کی خرید و مرمت میں بھی فنی معاونت فراہم کرے گا۔چیئر پرسن ٹیوٹا نے مزید کہا کہ پاکستان ائر فورس ٹیوٹا کے حال ہی بھرتی کئے گئے500نئے اساتذ ہ اور پرنسپلز کی پروفیشنل قابلیت کو بہتر بنانے کیلئے ٹریننگ فراہم کرے گی۔یہ ٹریننگ پروگرام گورنمنٹ سٹاف ٹریننگ کالج لاہور اور مری میں منعقد کی جائے گی جس سے انکی کیپسٹی بلڈنگ میں بہتری آئے گی۔

اساتذہ ہمارا بہت قیمتی اثاثہ ہیں اور اس وقت ٹیوٹا اپنے اساتذہ کو جدید تربیت فراہم کرنے پر زور دے رہی ہے۔رواں سال کے دوران مختلف ٹیچرز ٹریننگ پروگراموں کے تحت2055 مردانہ و زنانہ اساتذہ کو ٹریننگ بھی دی جائے گی۔ان تمام کاوشوں کا مقصد وزیر اعلی پنجاب محمد شہباز شریف کی پالیسی کے مطابق اساتذہ کی ماہرانہ صلاحیتوں کو جدید تقاضوں کے مطابق کرنا ہے تاکہ ان کی مہارتوں سے زیر تربیت نوجوان نسل استفادہ حاصل کرسکے۔

متعلقہ عنوان :