ملکی تاریخ میں پہلی بار درپیش مسائل پر تمام قومی اداروں میں مکمل اتفاق ہے ،ممنون حسین

جمعہ 8 اپریل 2016 16:53

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔08 اپریل۔2016ء) صدر مملکت ممنون حسین نے کہا ہے کہ پاکستان کی تاریخ میں پہلی دفعہ درپیش مسائل پر تمام قومی اداروں میں مکمل اتفاق ہے اور یہ ادارے مشترکہ حکمت عملی کے تحت ان مسائل سے نمٹ رہے ہیں جس سے جمہوریت مستحکم ہو رہی ہے، کشمیر پاکستان کی شہ رگ ہے جس کے حل کے بغیر خطے کے مسائل حل نہیں ہوسکتے ۔

صدر مملکت نے یہ بات جمعہ کو کمانڈ اینڈ اسٹاف کالج میں زیر تربیت فوجی افسروں سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ اس موقع پر ڈائریکٹر جنرل ملٹری ٹریننگ میجر جنرل علی عباس حیدر بھی موجود تھے ۔ صدر مملکت نے کہا کہ ماضی کے حالات اور اداروں کی اپنے دائرے میں رہ کر کام نہ کرنے کی وجہ سے مجموعی قومی کارکردگی متاثر ہوئی، اداروں کی قوت کار میں کمی آئی اور قوم کا اعتماد کمزور ہوا لیکن اب صورت حال مختلف ہے جس سے ملک کے حالات بہتر ہوئے ہیں۔

(جاری ہے)

صدر مملکت نے کہا کہ قومی اتفاق رائے کے نتیجے میں ملک میں امن وامان کی صورت حال اور معیشت بہتر ہورہی ہے جو خوش آئند ہے، اقوام عالم میں اپنے جائز مقام کے حصول کے لیے مضبوط معیشت ناگزیرہے کیونکہ اس عہد میں معیشت سیاست پر غالب آچْکی ہے۔صدر مملکت نے کہا کہ قومی معیشت کے احیا کے لیے پاک چین اقتصادی راہداری ہمارے عہد کا غیر معمولی واقعہ ہے جس پر کامیابی سے کام جاری ہے اور اس کی راہ میں کوئی رکاوٹ حائل نہیں ہے۔

اس سلسلے میں پاکستان اور چین کی حکومتیں مکمل اتفاق رائے کے ساتھ کام کررہی ہیں ۔صدر مملکت نے کہا کہ قوم دہشت گردی کو ختم کرنے کے لیے یکسوہے جس سے ملک کی ساکھ بہتر ہوئی ہے۔ اس کامیابی سے قومی اداروں کے درمیان ہم آہنگی میں اضافہ ہوا ہے جس میں وقت گزرنے کے ساتھ اضافہ ہوتا جائے گا۔انھوں نے کہا کہ ملک میں آخری دہشت گرد کے خاتمے تک کارروائی جاری رہے گی۔

انھوں نے کہا کہ نیشنل ایکشن پلان پر پوری قوم کا اتفاق ہے جو ایک کارنامہ ہے ،اس کے ذریعے پاکستان کو دہشت گردی سے پاک کرنا ہے اور اس مقصد میں ہمیں کامیابی ہورہی ہے ، قومی ایکشن پلان اپنے مقاصد کی حصول کے سلسلے میں درست سمت میں گامزن ہے۔صدر مملکت نے کہا کہ دہشت گردی کی وجہ سے قبائلی علاقے بہت متاثر ہوئے ہیں جنھیں قومی دھارے میں لایا جارہا ہے اس سلسلے میں اصلاحات کی لیے ایک کمیٹی کام کررہی ہے جس کی منظوری پارلیمنٹ سے بھی لی جائے گی۔

صدر مملکت نے کہا کہ کشمیر پاکستان کی شہ رگ ہے جس کے حل کے بغیر خطے کے مسائل حل نہیں ہوسکتے۔ انھوں نے کہا کہ جموں کشمیر کے عوام کو جب تک حق خودارایت نہیں ملتا معاملات آگے نہیں بڑھ سکیں گے۔صدر مملکت نے کہا کہ سعودی عرب اور ایران کے درمیان تعلقات بہتر بنانے کے لیے پاکستان نے اہم کردار ادا کیا ہے جس میں کامیابی ہوئی ہے ،ان کوششوں میں برادر ملک ترکی کو بھی شامل کرلیا گیا۔ ہم توقع رکھتے ہیں کہ اس کشیدگی کو ختم کرنے میں کامیاب ہو جائیں گے۔صدر مملکت نے اس موقع پر زیرِتربیت افسروں کے سوالوں کے جواب بھی دیئے۔

متعلقہ عنوان :