شام کے علاقے الضمیر میں حملے کے دوران 250 شامی شہری لاپتہ

داعش نے علاقے میں قائم ایک سیمنٹ فیکٹری پر حملہ کیا اور اسکے 250 ملازمین کو اغوا کرکیساتھ لے گئے‘مقامی افراد کا دعویٰ

جمعہ 8 اپریل 2016 14:34

دمشق(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔08 اپریل۔2016ء) شام کے علاقے الضمیر میں حملے کے دوران داعش نے 250 شامی شہریوں کو اغوا کرلیا۔خیال رہے کہ گزشتہ چند ماہ سے شام کے اہم شہروں سے داعش کو پسپائی اختیار کرنا پڑی ہے جس میں ایک اہم قدیمی شہر تدمر بھی شامل ہے، جہاں قدیم کھنڈرات موجود ہیں، حکام نے دعویٰ کیا تھا کہ گزشتہ ہفتے سے مقامی افراد نے واپسی شروع کردی ہے۔

واضح رہے کہ مذکورہ حملہ آئندہ ہفتے جنیوا میں ہونے والے مذاکرات سے قبل کیا گیا ہے، جس میں شامی حکومت اور داعش کے علاوہ دیگر عسکری تنظیموں کے درمیان جنگ بندی کے حوالے سے مذاکرات ہونے جارہے ہیں۔خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق 27 مارچ کو تدمر سے انخلاء کے بعد داعش نے شام کے دارالحکومت دمشق سے 50 کلومیٹر مشرق میں الضمیر پر نیا حملہ کیا تھا۔

(جاری ہے)

مقامی افراد کا دعویٰ ہے کہ داعش نے علاقے میں قائم ایک سیمنٹ فیکٹری پر حملہ کیا اور اس کے 250 ملازمین کو اغوا کرکے ساتھ لے گئے۔الضمیر کے ایک رہائشی کا کہنا تھا کہ داعش کے فیکٹری پر حملے کے بعد سے وہ اپنے عزیزوں تک پہنچنے سے قاصر ہیں۔ادھر فیکٹری انتظامیہ نے بھی 250 افراد کے لاپتہ ہونے کی تصدیق کی ہے۔تاہم برطانوی خبر رساں ادارے رائٹرز نے شام کے سرکاری ٹی وی کے حوالے سے رپورٹ کیا ہے کہ داعش نے الضمیر کی البادیہ سمینٹ فیکٹری پر حملہ کرکے 300 افراد کو اغوا کرلیا ہے۔

متعلقہ عنوان :