کوئٹہ، ینگ ڈاکٹر ایسوسی ایشن کا آج بلوچستان بھر میں تمام سرکاری ہسپتالوں میں او پی ڈیزکا بائیکاٹ کرنے کا اعلان

وزیراعلیٰ بلوچستان کی جانب سے بنائی گئی کمیٹی کو مسترد کرتے ہیں، جنرل باڈی کا اجلاس آج سول ہسپتال کوئٹہ میں ہوگا جس میں آئندہ کا لائحہ عمل طے کیا جائے گا ،صدر ینگ ڈاکٹر ایسوسی ایشن ڈاکٹر حفیظ اللہ مندوخیل

جمعرات 7 اپریل 2016 22:46

کوئٹہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔07 اپریل۔2016ء) ینگ ڈاکٹر ایسوسی ایشن بلوچستان کے صدر ڈاکٹر حفیظ اللہ مندوخیل نے کہا ہے کہ ینگ ڈاکٹر ایسوسی ایشن آج(جمعہ کو ) کوئٹہ سمیت بلوچستان میں تمام سرکاری ہسپتالوں میں او پی ڈیزکا بائیکاٹ کریں گے اور سرکاری ہسپتالوں میں تھڑوں پر بیٹھ کر مریضوں کا معائنہ کریں گے جب تک ڈاکٹروں پر تشدد کرنے والے اعلیٰ افسران اور پولیس اہلکاروں کومعطل نہیں کیا جاتا اس وقت تک حکومت سے کسی طرح پر مذاکرات نہیں کریں گے وزیراعلیٰ بلوچستان کی جانب سے بنائی گئی کمیٹی کو مسترد کرتے ہیں اور ینگ ڈاکٹر ایسوسی ایشن کی جنرل باڈی کا اجلاس آج سول ہسپتال کوئٹہ میں ہوگا جس میں آئندہ کا لائحہ عمل طے کیا جائے گا ان خیالات کا اظہار انہوں نے سول ہسپتال میں رات گئے ہنگامی پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیااس موقع پر سینئر ڈاکٹرغلام رسول اور ڈاکٹر خان بابر سمیت پی ایم اے کے عہدیداران بھی موجود تھے انہوں نے کہا کہ ینگ ڈاکٹرایسوسی ایشن نے اپنے مطالبات کے حق میں سول ہسپتال سے ریلی نکالی جو مختلف شاہراؤں سے ہوتی ہوئی بلوچستان اسمبلی کے سامنے اراکین اسمبلی کو یاداشت پیش کرنے جارہے تھے کہ جی پی او چوک پر پولیس اور انتظامیہ نے ڈاکٹروں کی ریلی کو روکنے کی کوشش کی اور دو گھنٹے روکنے کے بعد پولیس نے آنسو گیس اور ہوائی فائرنگ کی جس کے نتیجے میں ہمارے پندرہ ڈاکٹر شدید زخمی ہوگئے جن میں ایک ڈاکٹر اسد کی بینائی بھی چلی گئی اگر حکومت نے فوری طورپر زخمی ڈاکٹر اسد کو کراچی یا لاہور کیلئے خصوصی جہاز کا بندوست نہ کیا تو ہم حکومت سے کسی سطح پر مذاکرات نہیں کریں گے اور پولیس نے سول ہسپتال کے وارڈوں سے ڈاکٹروں کو گرفتار کیا انہوں نے کہا کہ آج صحت کا عالمی دن تھا اور ہم پرامن احتجاج کررہے تھے کہ جمہوری دور میں بھی ڈاکٹروں پر ظلم کے پہاڑ ڈھائے گئے انہوں نے کہا کہ ڈاکٹروں پر تشدد کرنے والے افسران اور پولیس اہلکاروں کو معطل کرکے جوڈیشل انکوائری تشکیل دی جائے اور اگر ایسا نہ کیا تو آج سے صوبہ کے تمام سرکاری ہسپتالوں سے او پی ڈیز کا بائیکاٹ کیا جائے گا اور آج بروز جمعہ دوپہر بارہ بجے سول ہسپتال میں جنرل باڈی کا اجلاس ہو گا جس میں آئندہ کا لائحہ طے کیا جائے گا اور ڈاکٹروں پر تشدد کے حوالے سے سوگ بھی منائیں گے اور ڈاکٹر سرکاری ہسپتالوں میں تھڑوں پر بیٹھ کر مریضوں کا معائنہ کریں گے اور کسی بھی صورت ایمرجنسی کو بند نہیں کریں گے اور وزیراعلیٰ کی جانب سے بنائی گئی کمیٹی کو بھی مسترد کرتے ہیں ۔