ٹریڈ ڈیولپمنٹ اتھارٹی آف پاکستان اور وفاقی وزارت تجارت نے پاکستان میں پہلی بار ٹیکسٹائل صنعت سے وابستہ ”ٹیکسپو 2016“ کے نام سے مصنوعات کی نمائش کا اہتمام کیا

نمائش کا افتتاح وفاقی وزیر برائے تجارت انجینئر خرم دستگیرخان اور مہمان خصوصی سری لنکا کے وزیر تجارت راشد بتیع الدین نے مشترکہ طور پر کیا

جمعرات 7 اپریل 2016 22:29

کراچی ۔ 7 اپریل (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔07 اپریل۔2016ء) ٹریڈ ڈیولپمنٹ اتھارٹی آف پاکستان (ٹی ڈی اے پی) اور وفاقی وزارت تجارت نے پاکستان میں پہلی بار ٹیکسٹائل صنعت سے وابستہ ”ٹیکسپو 2016“ کے نام سے مصنوعات کی نمائش کا اہتمام کیا ہے۔ نمائش کا افتتاح جمعرات کو وفاقی وزیر برائے تجارت انجینئر خرم دستگیرخان اور مہمان خصوصی وزیر تجارت برائے سری لنکا راشد بتیع الدین نے مشترکہ طور پر کیا۔

ٹیکسپو 2016ء ٹی ڈی اے پی کی طرف سے پاکستان کے سب سے اہم اورمضبوط شعبے ٹیکسٹائل انڈسٹری میں کاروباری مواقعوں میں ترقی کے لیے ایک اہم اقدام ہے۔ مجموعی طور پر 230 بڑی کمپنیوں جو پاکستان کے معروف برآمد کنندگان ہیں، نے 4 ایگزبیشن ہال میں320 سٹالز لگائے ہیں اور تقریباً60 ملکوں کے450 غیر ملکی خریداروں / درآمد کنندگان نے ٹیکسپو 2016ء کا دورہ کیا۔

(جاری ہے)

پاکستان کے بڑے ٹیکسٹائل برانڈ جیسے گل احمد، چن ون، سفائر، شارق ٹیکسٹائل، شبیر ٹیکسٹائل، کوہ نور، گلوبل اپیرل، ڈیجیٹل ڈیورا پرنٹ، سورتی انٹرنیشنل، ستارہ ٹیکسٹائل وغیرہ نے ہال 2 میں حسب ضرور ت سٹال قائم کئے ہیں۔ فیشن کونسل پاکستان اور بڑے ڈیزائنرز جیسے فریدہ قریشی، صنم چوہدری، زینب چوٹانی، عامد عدنان، شامل انصاری، وردہ سلیم، شہلا چھاتور اور ظہور عباس اپنی نئی کلیکشن کی نمائش کر رہے ہیں۔

ٹیکسپو اب تک ٹی ڈی اے پی کی طرف سے بنایا گیا ایک اور برانڈ ہے۔ یہ ٹی ڈی اے پی کے دوسرے برانڈز جیسے ایکسپو، عالی شان پاکستان اور سنگل کنٹری نمائش گھینٹ اور سری لنکا کی کامیابی سے پیروی کرتا ہے۔ نیدر لینڈ، ویت نام اور برازیل کی طرف سے پاکستان کے سفیروں نے ٹیکسپو پاکستان کے لئے کاروباری وفد کی قیادت کی۔ افتتاح کے بعد وزیر تجارت انجینئر خرم دستگیر خان اور سیکرٹری کامرس عظمت علی رانجھا، سی ای ٹی ڈی اے پی، ایس ایم منیر اور سیکرٹری ٹی ڈی اے پی، رابعہ جویری نے فرانس، چین، قازقستان، بیلجیئم، نیدرلینڈ، ویت نام، اسپین اور جرمنی کے وفود کے ساتھ اعلیٰ سطح کی میٹنگز منعقد کیں۔

ٹی ڈی اے پی نے بین الاقوامی خریداروں کو چینی، جاپانی، فرانسیسی، عربی، جرمن اور روسی زبانوں کے انٹرپریٹرز کی خدمات فراہم کیں۔ مختلف وفود کی ایف پی سی سی آئی اورکے سی سی آئی کے ساتھ میٹنگز کا بھی اہتمام کیا گیا۔ ہانگ کانگ کے وفد نے دونوں چیمبرز کے ساتھ ایم او یوز پر دستخط کئے اور چیمبرز کے نمائندگان اور قازقستان، چین، ویت نام اور فرانس کے وفود کے ساتھ میٹنگز کا انعقاد کیا گیا۔

ٹیکسٹائل اور لیدر سیکٹر سے متعلقہ پاکستان کی تقریباً تمام بڑی ٹریڈ ایسوسی ایشنزنے ٹیکسپو پاکستان میں شرکت کی اور اپنے سٹالز قائم کیے۔ نمائش کنندگان نے خریداروں کے معیار کے حوالے سے مثبت آراء دی ہے جن کی میزبانی ٹیکسپو 2016ء کے لئے ٹی ڈی اے پی کر رہا ہے۔ نمائش کنندگان خاص طور پر فرانس، جنوبی کوریا اور سری لنکا سے آئے گئے خریداروں کی سنجیدگی سے بہت متاثر ہوئے۔

انڈونیشیا کے وفد نے جوتوں، خیموں اور کینوس اور دیگر ٹیکسٹائل مصنوعات کے نمائش کنندگان کے ساتھ نتیجہ خیز میٹنگز کیں جبکہ بیلجیئم کے خریداروں نے گھریلو ٹیکسٹائل سیکٹر میں گہری دلچسپی ظاہر کی۔ ٹیکسپو 2016ء کے پہلے دن کے اختتام سے قبل نمائش کا ٹیمپو حوصلہ افزاء تھا اور ٹی ڈی اے پی ٹیکسپو 2016ء کی کامیابی کی صورت میں ایک اورسنگ میل طے کرے گی۔

متعلقہ عنوان :