سپیشل تربیت یافتہ پولیس فورس کے جوانوں نے کچے کے ڈاکوؤں کو چاروں اطراف سے گھیر لیا، شدید مزاحمت کا سامنا،پولیس ذرائع

جمعرات 7 اپریل 2016 21:59

رحیم یار خان ۔ 7 اپریل (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔07 اپریل۔2016ء) ضلع راجن پور اور رحیم یار خان کی سپیشل تربیت یافتہ 1500پولیس فورس کے افسران و جوانوں نے کچے کے ڈاکوؤں کو چاروں اطراف سے گھیر لیا ۔ ٹارگٹ ایریا سے جرائم پیشہ عناصر اور ڈاکوؤں کی جانب سے شدید مزاحمت کا سامنا ۔ وقفہ وقفہ سے فائرنگ کا تبادلہ جاری ۔ پولیس کو پنجاب رینجرز کی جانب سے مارٹر آٹیک کی مدد حاصل ۔

پولیس ذرائع کے مطابق ضلع راجن پور کی حدود میں کچہ کے علاقہ میں ڈاکوؤں کے خلاف پولیس کا آپریشن ضرب آہن اپنی کامیابی کی جانب رواں دواں ہے جس میں تازہ ترین صورت حال کے مطابق اس وقت کچے کے ڈاکوؤں کے مختلف گروہوں سے تعلق رکھنے والے ڈاکو پولیس کی موثر حکمت عملی کی وجہ سے ایک مخصوص علاقہ جزیرہ نماء کچی جمال کی جانب پسپائی اختیار کر چکے ہیں جسے پولیس کے سپیشل تربیت یافتہ 1500 پولیس افسران و اہلکاروں نے چاروں اطراف درجنوں پولیس چوکیاں قائم کرکے مکمل طور پر گھیرے میں لے لیا ہے اور اس علاقہ کو ٹارگٹ کر لیا گیا ہے ۔

(جاری ہے)

ٹارگیٹڈ ایرایا میں درجنوں جرائم پیشہ اور ڈاکوؤں کی مصدقہ اطلاعات ہیں اور کچی جمال کے جزیرہ نماء سے پولیس کو شدید مزاحمت کا سامنا ہے ۔ پولیس اور ڈاکوؤں کے درمیان وقفہ وقفہ سے چوبیس گھنٹے فائرنگ کا تبادلہ جاری ہے اور پولیس حکمت عملی کے تحت اپنی کارروائی کو آگے بڑھا رہی ہے ۔ پولیس کو پنجاب رینجرز کی جانب سے مارٹر آٹیک کی مدد حاصل ہے ۔ آپریشن ضرب آہن کی نگرانی آر پی او ڈیرہ غازی خان رحمت اللہ نیازی ، آر پی او بہاولپور ڈاکٹر احسان صادق ، ڈی پی او رحیم یار خان ذیشان اصغر اور ڈی پی او راجن پور غلام مبشر میکن موقع پر موجود رہ کر کر رہے ہیں جبکہ اس آپریشن میں درجنوں ڈی ایس پیز اور ایس ایچ اوز بھی ڈاکوؤں کے خلاف آپریشن میں حصہ لے رہے ہیں ۔