بارانی زرعی یونیورسٹی میں پوٹھوہار آرٹ اینڈ لٹریچر فیسٹول اختتام پذیر

جمعرات 7 اپریل 2016 21:48

راولپنڈی ۔7 مارچ ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔07 اپریل۔2016ء)پیر مہر علی شاہ بارانی زرعی یونیورسٹی راولپنڈی کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر رائے نیاز احمدنے کہا ہے پاکستان قدرتی وسائل اور با صلاحیت افراد سے زرخیز ہے ، طلباء تعلیم مکمل ہونے کے بعد ملکی ترقی میں اپنا مثبت کردار ادا کر یں۔ ان خیالات کا اظہار انھوں نے یونیورسٹی میں دوسرے پوٹھوہار آرٹ اینڈ لٹریچر فیسٹول کی اختتامی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

فیسٹول کے دوسرے اور آخری روز انگریزی واردو تقریری ، پنجابی ٹاکرا، سولو پرفارمنس کے مقابلوں کا انعقاد کے علاوہ کلچرشو بھی پیش کیا گیا ۔ وائس چانسلر نے مزید کہا کہ طلباء یونیورسٹی قواعد و ضوابط پر عمل کریں بہترین تعلیمی ماحول فراہم کرنا ہماری اولین ترجیح ہے اورطلباء کی بھی یہ زمہ داری ہے کہ وہ اس ماحول اور یونیورسٹی میں دستیاب سہولتوں سے بھرپور فائدہ اٹھائیں۔

(جاری ہے)

انگریزی تقریری مقابلے میں شعبہ زراعت کی زاہدہ نور اور امیر معاویہ نے بالترتیب پہلی اور دوسری پوزیشن حاصل کی جبکہ ایگریکلچرل انجیئنرنگ کے محمد طاہر نے تیسری پوزیشن حاصل کی۔ اردو تقریری مقابلے میں شعبہ ایگریکلچرل انجیئنرنگ کے محمد علی نے پہلی، شعبہ سائنسزکے صبغت اللہ نے دوسری اور انفارمیشن ٹیکنالوجی کی مریم چوہدری نے تیسری پوزیشن حاصل کی۔

سولو پرفارمنس میں شعبہ انفارمیشن ٹیکنالوجی کے محمد وحید نے پہلی، ایگریکلچرل انجیئنرنگ کے ارسلان راؤ نے دوسری اورشعبہ زراعت کے فیضان خلیل نے تیسری پوزیشن حاصل کی ۔پنجابی ٹکرا میں شعبہ زراعت کے فیضان خلیل نے پہلی اور مینجمنٹ سائنسز کے چوہدری عقیل نے دوسری پوزیشن حاصل کی۔ آخر میں وائس چانسلر نے جیتنے والے طلباء میں انعامات تقسیم کئے۔